پختونوں سے مزید نا انصافی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی :آفتاب شیر پاؤ

پختونوں سے مزید نا انصافی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی :آفتاب شیر پاؤ

پشاور( سٹاف رپورٹر )قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پختونوں کی محرومیوں کے خاتمے ،صوبہ کے وسائل پر اختیار ،افغانستان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے، خیبر پختونخوا کی سی پیک میں محرومی کا ازالہ کرنے ،بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونوں کے ساتھ مزیدناانصافیاں ہر گز برداشت نہیں کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بیری باغ یکہ توت پشاور شہر میں اے این پی کے سابقہ ناظم محمد شاہ کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کے موقع پرایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عدم توجہی کے باعث پختونوں کی مایوسیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جس کا فوری ازالہ انتہائی ضروری ہے کیونکہ پختونوں نے ملک کی بقا ،ترقی و خوشحالی کیلئے جو بے مثال قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کو اپنے وسائل پر اختیار دے اورملک کے بڑے صوبوں کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی بجلی نظام کی اپ گریڈیشن اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت سی پیک میں بھر پور حصہ دے تاکہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ اور یہاں کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو سکے۔انھوں نے افغانستان کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے پاکستان اور افغانستان کے مابین خوشگوار تعلقات انتہائی ضروری ہے۔ انھوں نے پاک افغان آرمی کے مابین پہلے ہاٹ لائن رابطہ کو خوش آئند قراردیااور کہا کہ پائیدار امن کے قیام کیلئے دونوں ممالک کے مابین تمام سطحوں پر رابطے ہونے چاہئیں اور اسی سلسلے کو آگے بھی بڑھانا چاہیے کیونکہ دہشت گردی کی وجہ سے خطے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے لہٰذا اس طرف بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ خطہ امن،ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔انھوں نے این ایف سی ایوارڈ کے جلد انعقاد کابھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اس میں جتنی مزید تاخیر ہوگی چھوٹے صوبوں اورچھوٹی قومیتوں کی مشکلات اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہو گالہٰذا اس میں مزید تاخیر کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی عوام کی ایک مقبول جماعت ہے اور 2013کے انتخابات میں عوام نے ہماری جماعت پر جس اعتماد کا اظہارکیا تھا ہم اس پر پورے اترے ہیں اور آئندہ بھی عوام کی خدمت ہماری سیاست کا محور ہوگا۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین اور سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر پارٹی رہنماء طارق احمد خان،بخت بیدار خان اور کیو ڈبلیو پی ضلع اور سٹی ڈسٹرکٹ پشاور کے عہدیدار بھی موجود تھے۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...