نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اہم منصوبے شروع کئے گئے:محمودخان
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان جو یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کمیٹی کے چےئرمین بھی ہیں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں نوجوانوں کا معیار زندگی بلند کرنے اور فلاح و بہبود سمیت روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے بجٹ میں ایک ارب روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کے علاوہ یوتھ پالیسی کا اعلان بھی کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ٹورازم کمیٹی روم پشاور میںیوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے پی سی ون اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ،سیکرٹری سپورٹس خیبر پختونخوا طارق خان ، ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس خیبر پختونخوا جنید خان، ضلعی ناظم پشاور ارباب محمد عاصم خان ،ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ شہباز خان اور یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے ممبران اور دیگر متعلقہ افسران ا ور نجی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔اجلاس میں خیبر پختونخوا یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے پی سی ون اور پراجیکٹ میں نوجوانوں کی اصلاح اور فلاح کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔صوبائی وزیر تعلیم نے اجلاس کے شرکاء کو بتایااس عظیم پراجیکٹ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو دور جدید کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تعلیم و تربیت اور روزگار فراہم کرناہے اور موجودہ صوبائی حکومت پارٹی چےئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں نوجوانوں کو اعلیٰ معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیل کود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے وعدے پر بدستور گامزن ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ نے بتایا کہ تین سو نوجوانوں کو چائنہ حکومت کے تعاون سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیت دی جائے گی۔صوبائی وزیر محمود خان نے اپنے خطاب میں یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے تما م ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز کرنے کیلئے وہ اپنی تمام مثبت تجاویز اور سفارشات کو تین دن کے اندر اندر متعلقہ حکام کو پیش کریں تاکہ ان کے ثمرات سے صوبے بھر کے تمام نوجوان صحیح معنوں میں مستفید ہوسکیں۔