نواز شریف دیانتدار ترین رہنما، شہباز شریف کے حق میں 49فیصد، سروے

نواز شریف دیانتدار ترین رہنما، شہباز شریف کے حق میں 49فیصد، سروے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں) لاہور کے تین حلقوں میں کرائے جانے والے سروے کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف دیانت دار ترین رہنما ہیں۔ تینوں حلقوں کے لوگوں نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا عزم کیا ہے۔60فیصد افراد کے مطابق وزیر اعظم ملک کو ترقی یافتہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ریسرچ کے غیر سرکاری ادارے انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اینڈ اکنامک آکٹرنیٹوز کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق 42فیصد افراد نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو دیانت دار ترین رہنما قرار دیا ہے۔ یہ رائے این اے122، این اے121اور این اے124 کے ووٹرز سے لی گئی ہے۔اس سروے کے مطابق 26فیصد افراد نے عمران خان کو دیانتدار رہنما قرار دیا،جبکہ 49فیصد افراد کی رائے کے مطابق شہباز شریف دیانت دار وزیر اعلیٰ ہیں۔سروے میں دی گئی26فیصد افراد کی رائے کے مطابق عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔جبکہ 60فیصد افراد نے مسلم لیگ ن کو مقبول ترین جماعت قرار دیا ہے۔3 حلقوں کے45فیصد عوام نے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دینے کا عزم کیا ہے ۔ ان تین حلقوں میں سروے کے مطابق ووٹروں کی نظر میں مسلم لیگ ن مقبول ترین جماعت ہے اور آئندہ عام انتخابات بھی جیت سکتی ہے۔ صوبائی قیادت میں شہباز شریف 49 فیصد افراد کی نظر میں دیانتدار ہیں۔ 56.5 فیصد کے خیال میں شہباز شریف ملک کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں۔ یہ سروے لاہور کے حلقوں 121، 122 اور 124 میں کیا گیا ہے۔اس سروے کے مطابق 41.9فیصد افراد نے نواز شریف کو26.1نے عمران کو دیانتدار قرار دیا۔25.1نے نواز شریف کو غیر دیانتدار 9,1 نے عمران کو غیر دیانتدار قرار دیا۔نواز شریف کے بارے میں 10.7اور 28.6نے لاعلمی کا اظہار کیا۔اس سروے کے مطابق 49.3 نے شہباز شریف،1.0فیصد نے آصف زرداری، اور بلاول بھٹو زرداری کو 1,5فیصد نے دیانتدار قرار دیا ۔غیر دیانتدار کے حوالے سے 19,5نے شہباز شریف،28.6فیصد نے زرداری،20.3 نے بلاول بھٹو کو غیر دیانتدار قرار دیا۔ 10.7فیصد نے شہباز شریف،11.2 نے زرداری اور 46.1نے بلاول کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی۔ دریں اثناپاکستان کی معروف یونیورسٹی نے وزیراعظم نواز شریف کی کار کردگی کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی اور مہنگائی کا مسئلہ 2018 تک تقریبا حل ہو جائے گا ، نواز شریف کی حکومت گزشتہ حکومتوں کی نسبت کافی بہتر کار کردگی دکھا رہی ہے ، عمران خان موقف بدلتے رہتے ہیں ،بجلی اور مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کی صورت میں 2018 میں مسلم لیگ ن کامیاب ہو سکتی ہے ۔ پاکستان کی معروف یونیورسٹی لا ہو ر یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز ( لمز )کی آئیڈیاز ٹیم نے 2018 کے عام انتخابات اور موجودہ مسائل کے حوالے سے ایک سروے رپورٹ جاری کی ہے یہ سروے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ 121,122اور 124 میں کیا گیا ہے جس میں سب سے پہلے عوام سے ان کی ترجیحات کے بارے میں پوچھا گیا جس میں لوگوں نے بتایا کہ ہماری سب سے بڑی ترجیحات روزگار ،بجلی ،کرپشن کا خاتمہ ،مہنگائی اور معاشی استحکام ہے ۔رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ نواز شریف او شہباز شریف کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے ٹھیک ہیں اور عمران خان کو ناہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا موقف بدلتے رہتے ہیں سروے رپورٹ میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں لوگوں کے گھروں پر جا کر انٹرویو کیے گئے جس کا رسپانس ریٹ 71%ہے او تینوں حلقوں کی عوام کی خواہش ہے کہ پہلے بھی مسلم لیگ ن جیتی ہے اور اب بھی وہ ہی جیتے ۔رپورٹ کے مطابق 2018 میں 64.9عوام کا مسئلہ مہنگائی اور بجلی ہو گا ،36.7 کا کرپشن ،32.6 کا بے روزگاری ،25.8 کا صحت ،24.6 کا سیکورٹی ،21.8 کا پانی،21.7 کا بجلی ،21.6 کا تعلیم ، 18.4 کا گیس اور 10.1 کا سب سے اہم مسئلہ سیوریج کا ہو گا معاشی استحکام کے حوالے سے57.6 عوام کا کہناہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس میں 29.0 بہتری آئی ہے 48.3 کے مطابق اس میں کافی بہتری آئی ہے ۔ سروے رپورٹ کے مطابق اگر حکومت بجلی ، کرپشن ، اور مہنگائی پر کا قابو پا لے تو آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں ۔