کوہستان ویڈیو سکینڈل: سپریم کورٹ نے نادرا سے 2 لڑکیوں کا ریکارڈ مانگ لیا
اسلام آباد(آن لائن ) سپریم کورٹ نے کوہستان ویڈیو سکینڈل کیس میں چیئرمین نادرا سے سرن جان بی بی اور بازیخا بی بی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت بیس اپریل تک ملتوی کردی۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ اگر لڑکیوں کا زندہ ہونا ثابت ہو جائے تو معاملہ ختم ہو جائیگا۔لڑکیوں کو عدالت میں طلب کئے بغیر کوئی راستہ نظر نہیں آتاعدالت میں لڑکیوں کی شناخت کون کریگا، لڑکیوں کو عدالت میں پیش کرنے پر کیا ہچکچاہٹ ہے، اس پر والدین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قبائلی رسومات کے مطابق لڑکیوں کو عدالت میں پیش نہیں کیا جاتا۔
جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ علاقے کا دورہ کرنے والے کمشن کی رپورٹ پر شکوک و شبہات پیدا ہو چکے ہیں، افضل کوہستانی کے وکیل نے کہا کہ لڑکیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جاسکتا ہے اس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ وکیل صاحب لڑکیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ اتنا آسان نہیں جبکہ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ دو لڑکیوں نے نادرا کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے درخواست دی تھی، لڑکیوں کا بائیو میٹرک ٹیسٹ کرانے میں کیوں کترا رہے ہیں۔