وائٹ پیپر نکالنے اور دھرنا دینے والے سن لیں ،ہم کہیں نہیں جائیں گے ،عوام کی مددسے کراچی کا سنہرا دور واپس لائیں گے:سید مراد علی شاہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ کوئی وائٹ پیپر نکال رہا ہے اور کوئی دھرنے دے رہا ہے لیکن ہم کہیں نہیں جائیں گے ، ہم نے کراچی کو ماضی جیسا ہنستا بستا اور خوشیوں بھرا شہر بنا دیا ہے،کراچی کی روشنیاں اور رونقیں ایک حد تک بحال ہو گئی ہیں جس کا اندازہ ا س بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کئی غیر ملکی کمپنیوں نے یہاں اپنے یونٹس لگانے کے لیے سندھ حکومت سے رابطے کرتے ہوئے تعاون طلب کیا ہے ، کراچی کے ہوٹلز غیر ملکیوں سے بھرے پڑے ہیں جو ایک مثبت اشارہ ہے، عوام کی مددسے کراچی کا سنہرا دور واپس لائیں گے اورکراچی کی تاجروصنعتکار برادری کی مدد سے ہم شہر قائد کی رونقیں مکمل طور پر بحال کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے،سندھ میں ایسا ماحول فراہم کریں گے کہ ہر آنے والا ملکی وغیرملکی سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری کرنے پر فخر محسوس کرے۔
ایکسپو سینٹر میں کراچی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ، دہرے ٹیکس کا معاملہ سندھ حکومت کی طرف سے نہیں ، کراچی میں کیا مسائل ہیں؟ مجھے اچھی طرح علم ہے ، ہم نوے کی دہائی کی سیاست میں نہیں جانا چاہتے ، پیپلزپارٹی سندھ میں ہی نہیں پورے پاکستان میں انتخابات جیتے گی ، کراچی میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے ، کچھ سکیموں میں وقت ضرور لگا اب مکمل توجہ دے رہے ہیں ، پیپلزپارٹی عوام کے پاس جائے گی اور صرف سندھ میں ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں جیتے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کراچی کی ترقی کے بغیر پورے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں،بلا آخر اب ان لوگوں نے بھی کراچی کی اہمیت کو مان لیا جو یہ سمجھتے تھے کہ کراچی کو نظرانداز کر کے آگے بڑھاجاسکتا ہے جو ان کی غلطی تھی،کراچی کو اس کا جائز مقام دیے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ہے اور اب اس سچائی کا سب کو احساس ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی دوبارہ لاقانونیت کے دور کا متحمل نہیں ہوسکتا، لہٰذا سویلین فورسز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں جس سے کراچی میں دیر پا امن یقینی بنایا جاسکے گا۔