طرابلس میں فوجی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ترجمان لیبیائی فوج
طرابلس(آئی این پی)لیبیا کی مسلح افواج کے ترجمان احمد المسماری نے کہا ہے کہ طرابلس کو باغیوں اور عسکریت پسندوں سے آزاد کرانے کے لیے جاری فوجی آپریشن 'الکرامہ طوفان' کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ لیبیائی فوج کے ترجمان احمد المسماری نے کہا کہ طرابلس فوجی آپریشن کا ہدف دارالحکومت کو آزاد کرانا، لیبیا میں امن واستحکام اور شہریوں کو تحفظ دلانا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جب تک طرابلس کو آزاد نہیں کرا لیا جاتا اس وقت تک فوجی آپریشن جاری رہے گا۔خیال رہے کہ لیبیائی فوج نے طرابلس کو عسکریت پسندوں سے چھڑانے کے لیے 'الکرامہ طوفان' کے نام سے آپریشن شروع کیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ فوجی آپریشن الجفر فوجی اڈے کے قریب سے شروع کیا گیا۔ لیبیائی سیکیورٹی فورسز تیزی کیساتھ پیش قدمی کر رہی ہیں۔ الغریان پہنچنے کے بعد فوج نے العزیزیہ کے علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ فوج ترھونہ کے علاقے کو آزاد کرانے کے بعد طرابلس ہوائی اڈے کا گھیراؤ کرے گی اور اسے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔