یورپی پارلیمنٹ کا الیکشن، انتہائی دائیں بازو کی انتخابی مہم شروع ہو گئی
برسلز(اے این این)چھبیس مئی کو ہونے والے یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن کے لیے کئی یورپی ممالک کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس انتخابی مہم کے لیے انہوں نے یونائٹ دی رائٹ کا سلوگن منتخب کیا ہے۔ ان دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کو امیگریشن مخالف اور یورپی حب الوطنی کا پرچار کرنے والے عناصر کی بھی پر زور حمایت حاصل ہے۔ اس انتخابی مہم کے مرکزی رہنماں میں فرانس کی سیاسی جماعت نیشنل ریلی کی خاتون رہنما مارین لے پین اور اطالوی سیاسی پارٹی اٹالین لیگ کے ماتیو سالوینی شامل ہیں۔ ان سیاسی پارٹیوں کی ایک بڑی میٹنگ پیر آٹھ اپریل کو اٹلی کے شہر میلان میں رکھی گئی ہے۔