نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہو گا:عثمان بزدار

نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق ہو گا:عثمان ...

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبہ پنجاب کیلئے مجوزہ بلدیاتی نظام کے مسودے کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگااورحقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کے ساتھ بااختیار بنائیں گے۔نیا نظام موجودہ سٹیٹس کو ختم کرے گااورعوام کوبااختیاربنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے نیا بلدیاتی نظام اہم کردارادا کرے گا۔ بلدیاتی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔ایسے بلدیاتی نظام لے کرآئیں گے، جس سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے اوردیہات کی سطح پربھی لوگوں کوبااختیاربنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی نظام عوام کا نظام ہوگا اوروہی اس میں بااختیار ہوں گے۔نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کو مالیاتی طورپر خود مختار بنائیں گے۔ سیکرٹری بلدیات نے نئے بلدیاتی نظام کے اہم خد و خال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر بلدیات و قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بلدیات اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے،نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے،بھارتی فوج کی شہریوں پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ،بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ حرکت ہے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی جارحیت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے، مودی سرکار کا جارحیت پسند رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، بھارت جنگی جنون میں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بھارتی فوج کی سرحدی خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا ہے،پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت کو پے درپے ناکامیوں کے بعد سبق سیکھ لینا چاہیے ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج پہلے بھی بھارتی افواج کو دراندازی پر دندان شکن جواب دے چکی ہیں۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پوری قوم پاکستان کی مسلح بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...