عمران خان کا افغانستان سے متعلق بیان ،کابل میں پاکستانی سفارتکار کی پھر طلبی

عمران خان کا افغانستان سے متعلق بیان ،کابل میں پاکستانی سفارتکار کی پھر طلبی

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک )افغان حکومت نے امن مذاکرات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ بیان کی وضاحت کیلئے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارتکار کو طلب کر لیا۔پاکستانی سفارتکار کی طلبی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر تنازع نے جنم لے لیا ۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق افغان وزارت خارجہ کے ترجمان صبغت اللہ احمدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا افغان وزارت خارجہ نے پاکستانی سفارتکار کو عمران خان کے اس بیان پر اعتراض اٹھانے کیلئے طلب کیا، جو داخلی امور میں واضح مداخلت ہے۔گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران یہ چوتھا موقع ہے جب کابل نے ملک میں 17 سالہ جنگ کے خاتمے کیلئے امن مذاکرات سے متعلق بیانا ت پر پاکستانی سفارتکار سے وضاحت طلب کی ہے۔مارچ کے آخر میں افغانستان نے وزیر اعظم عمران خان کی اس تجویز کے بعد اسلام آ با د سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا افغانستان میں عبوری حکم کے قیام سے امریکہ اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات میں پیشرفت سے متعلق مدد مل سکتی ہے۔تاہم پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم کے بیان کی وضاحت کے چند روز بعد ہی افغان سفیر واپس اسلام آباد آگئے تھے۔جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان نے جمرود میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران ایک بار پھر اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا میں نے افغانستان میں انتخابات سے پہلے عبوری حکومت کا کہا تو مجھ پر تنقید کی گئی لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم افغانستان کے لوگوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں، دعا کرتا ہوں وہاں کے لوگوں کو امن ملے اور انسانیت کے ناطے یہ کہہ رہا ہوں اللہ افغانستان کے لوگوں کو امن دے۔اگر الیکشن سے افغانستان میں امن حاصل کرنا ہے تو ایسی عبوری حکومت سے انتخابات کروائے جنہیں وہاں کے لوگ غیر جانبدار سمجھیں، ہم افغانستان کے خیر خواہ ہیں اور وہاں کی بہتری چاہتے ہیں۔ہم نے بھائیوں کی طرح مشورہ دیا اگر اسے نہیں ماننا تو نہ مانیں لیکن یہ کوئی مداخلت نہیں ،واضح رہے امریکہ اور طالبان نمائندوں کے درمیان امن مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں لیکن طالبان، افغان حکومت سے براہ راست مذاکرا ت سے انکار کرتے آئے ہیں اور حکومت کو غیر قانونی قرار دیتے ہیں۔افغان صدر اشرف غنی کے عہدے کی مدت مئی میں مکمل ہو رہی ہے، تاہم صدارتی انتخاب کی تاریخ دو بار ملتوی کی جاچکی ہے اور اب انتخاب 28 ستمبر کو شیڈول ہیں۔

سفارتکار طلبی

مزید : صفحہ اول


loading...