آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے سے قبل شرائط سامنے لائی جائیں،پیپلزپارٹی
اسلام آباد (آئی این پی ) پیپلز پارٹی نے حکومت سے آئی ایم ایف سے معاہدے کی شرائط سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط سے قبل شرائط سامنے لائی جائیں، وزیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ اسی ماہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے، ترجمان بلاول بھٹو مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ پاکستان ہے کوئی کارپوریٹ کمپنی نہیں کہ بورڈ کے فیصلے مسلط کئے جائیں، یہ 22کروڑ عوام کے مستقبل کے فیصلے ہیں انہیں خفیہ نہیں رکھا جا سکتا، معاہدے میں ایسا کیا ہے، وزیرخزانہ تفصیلات سامنے لانے سے کیوں گریزاں ہیں؟ انہوں نے کہا پا رلیمنٹ اور عوام جاننا چاہتے ہیں کہ اس معاہدے کے بعد مہنگائی مزید کتنی بڑھے گی؟ آئی ایم ایف کی شرائط سے بجلی، گیس، پیٹرولیم کی قیمتیں کتنی بڑھیں گی ؟ ، آئی ایم ایف کے معاہدے سے ڈالر کتنا مہنگا ہوگا اور روپے کی قدر کتنی کم ہوگی،؟ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا پہلے ہی حکومت ناقص معاشی پالیسیوں سے ملکی معیشت کو دیوالیہ کر چکی ہے ، بجلی، گیس، پیٹرولیم اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے غریب پس چکے ہیں، سٹاک ایکسچینج کریش ہو چکی ہے، اپوزیشن کوئی بھی عوام دشمن معاہدہ قبول نہیں کرے گی۔
پیپلزپارٹی