منزل کا حصول محنت اور لگن سے ممکن ہے:محمد آصف

منزل کا حصول محنت اور لگن سے ممکن ہے:محمد آصف

لاہور(لیڈی رپورٹر)پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر محمد آصف نے کہا ہے کہ منزل کا حصول محنت اور لگن سے ممکن ہے، نئے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں، ہمارے نوجوان صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، شاہین ہر میدان میں دنیا کی ہر طاقت کو شکست دے سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیراڈائز ماڈل ہائی سکول داروغہ والا کے زیر اہتمام چوتھا پیرا ڈائز ٹینس بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے موقع پر نوجوان کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پیراڈائز ماڈل ہائی سکول کے چیف ایگزیکٹو چودھری افتخار نے کہا کہ امن و امان اور بہتر معاشرے کی تشکیل تعلیم اور کھیلوں کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔ نجی تعلیمی ادارے معاشرے کی بہتری کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی کے بیٹوں نے دنیا کے ہر میدان میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ نئی نسل کو تعلیم اور کھیلوں کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ تاکہ ہم دنیا کے سامنے ایک مثالی قوم بن کر ابھریں۔

چودھری افتخار نے مزید کہا کہ ہمیں بحیثیت پاکستانی ملک کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ تعلیم کا میدان ہو یا کھیل کا میرٹ کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ ایسا ٹیلنٹ جو معاشی مجبوریوں کے باعث ضائع ہو رہا ہے حکومت اور معاشرے مخیر حضرات اس کو سامنے لانے کیلئے اپنی قومی ذمہ داری ادا کریں۔ تعلیم سے بھر کر انسانیت کی کوئی خدمت نہیں۔ ہم اپنی قوم کو تعلیم یافتہ بنا کر اقوام عالم کے ہر چیلنج کا سامنا کر سکتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...