محمد حفیظ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان لانے کے لئے پرعزم

محمد حفیظ ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان لانے کے لئے پرعزم

لا ہو ر(سپورٹس رپورٹر)ورلڈ کپ 2019ء میں کامیابی کیلئے پاکستان بھی قومی آل راؤنڈر محمد حفیظ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے جن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے علاوہ بھارت اور انگلینڈ بھی اس مرتبہ عالمی کپ میں ٹائٹل فتح کیلئے فیورٹ ہیں لیکن سنگل لیگ فارمیٹ گرین شرٹس کیلئے انتہائی معاون ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ روایت رہی ہے کہ گلوبل ایونٹس میں پاکستانی ٹیم کسی حد تک تاخیر سے اپنی کارکردگی دکھاتی ہے۔ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پرامید ’’پروفیسر‘‘نے نیوزی لینڈ،جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کیخلاف حالیہ ون ڈے ناکامیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ انگلینڈ میں ہونے والے میگا ایونٹ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کی شاندار کامیابی کو دہرا سکتی ہے۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اگر تنقیدی نگاہ بھی ڈالی جائے تو ان کے خیال میں پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کی تین سرفہرست فیورٹ ٹیموں میں سے ایک ہے۔

حالانکہ انگلش ٹیم ہمیشہ ہی اپنے کھیل کے انداز اور ہوم کنڈیشنز میں بہترین سمجھی جاتی ہے جبکہ بھارت نے بھی ون ڈے کرکٹ میں بہترین ٹیم کی تعمیر کرلی ہے جس کی لائن اپ میں چند اچھے اسپن بالرز بھی موجود ہیں۔ان کا اصرار ہے کہ اس بار ورلڈ کپ کیلئے وضع کردہ سنگل لیگ کا فارمیٹ بھی پاکستانی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوگا جو قدرے تاخیر سے اپنے کھیل کے عروج پر آتی ہے اور یوں بھی گروپ سسٹم میں ٹیموں کے پاس سنبھلنے کیلئے دوسرا چانس نہیں ہوتا جیسے کہ دو ہزار سات میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے راؤنڈ کے بعد ہی ایونٹ سے باہر ہو گئی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی ایک یونٹ کی حیثیت سے کافی عرصے سے ساتھ کھیل رہے ہیں جس کے سبب انہیں بہترین نتائج کی توقع ہے کیونکہ کامبی نیشن اچھا بن چکا ہے اور گرین شرٹس کے پاس اسپن اور فاسٹ بالنگ میں ورائٹی موجود ہے۔محمد حفیظ نے دو ہزار نو میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور دو ہزار سترہ میں چیمپئنز ٹرافی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کو انگلینڈ میں بھرپور حمایت حاصل ہوتی ہے جس سے پلیئرز کو اچھی کارکردگی کا حوصلہ ملتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...