سپورٹس راؤنڈاپ

سپورٹس راؤنڈاپ

پاکستان نے عالمی ہاکی فیڈریشن کو مالی مسائل سے آگاہ کردیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام پر امید ہیں کہ پرو ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی عدم شرکت پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گی، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پچھلے دنوں اپنے اجلاس میں اس مسئلے کو اپنی انکوائری کمیٹی کے حوالے کردیا تھا جس نے پی ایچ ایف سے اس بارے میں وضاحت اور حقائق مانگے تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری شہباز احمد کے مطابق انکوائری کمیٹی کو تمام حقائق بھیج دیے ہیں امید ہے کہ ہمارے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے جواب میں فیڈریشن کو درپیش مالی مسائل سے آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی مقابلوں کے نہ ہونے کی وجہ سے فیڈریشن کو اسپانسر شپ میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے

والی بال کوچ کا پاکستان کیلئے مزید کام کرنے سے انکار

قومی والی بال ٹیم کے ایرانی کوچ حامد مواحدی نے معاضے میں کمی کے باعث مزید ذمے داری نبھانے سے معذرت کرلی ہے۔ انہیں ایک سالہ معاہدے کے دوران سات ہزار ڈالرز ماہانہ دیے جارہے تھے۔ جس میں ساڑھے چار ہزار ڈالر اسپورٹس بورڈ اور باقی فیڈریشن ادار کرتی تھی لیکن اب اسپورٹس بورڈ نے صرف ڈھائی ہزار ڈالرز ماہانہ دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ حامد مواحدی نے بتایا کہ پاکستان میں اس کھیل کا ٹیلنٹ بہت مگر عالمی معیار کا کوئی انڈرو جمنازیم نہیں ہے،حکومت سہولت فراہم کرے تو ایشیائی سطح پراچھے نتائج حاصل مل سکتے ہیں۔

تین رکنی قومی جونئیر ڈیوس کپ ٹیم کل بنکاک روانہ ہو گی

قومی جونئیر ڈیوس کپ ٹیم جونئیر ڈیوس کپ کے فائنل کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے لئے بنکاک تھائی لینڈ کے لئے رووانہ ہو گی۔ ایونٹ 8 سے 13 اپریل تک بنکاک تھائی لینڈ کھیلا جائے گا۔ تین رکنی ٹیم میں زلان خان، عبداللہ عدنان اور ریان جواد شامل ہیں جبکہ رشید احمد ملک کپتان کوچ ہونگے۔ یہ ایونٹ بھارت میں کھیلا جانا تھا لیکن بھارت کی موجودہ صورتحال کو دیکھ کر آئی ٹی ایف نے مقام تبدیل کرکے بنکاک تھائی لینڈ رکھ دیا تھا۔

ماسٹر اوپن گالف ٹورنامنٹ 11 اپریل سے شروع ہوگا

ماسٹر اوپن گالف ٹورنامنٹ 11 اپریل سے امریکی ریاست جارجیا میں شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے گالف کے نامور گالفرز ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں امریکی گالفر پیٹرک ریڈ اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے۔ ٹورنامنٹ چار روز جاری رہنے کے بعد 14 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔

فیفا اور اے ایف سی کا مشترکہ جائزہ مشن پاکستان آئے گا

فیفا ممبر ایسوسی ایشنز کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان فٹبال کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا تاہم حقائق کا جائزہ لینے کیلئے فیفا اور اے ایف سی کا مشترکہ مشن پاکستان بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔زیورخ میں ہونے والے اجلاس کے دوران عدالتی حکم پر ہونے والے انتخابات کے نتیجے میں سید اشفاق حسین کی سربراہی میں پی ایف ایف باڈی تشکیل دیئے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ فیفا اور اے ایف سی کا ایک مشترکہ مشن پاکستان جا کر فریقین سے ملاقات کرے گا، اس وفد کی رپورٹ پر پاکستان فٹبال کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مصر کے کھلاڑیوں نے چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ اپنے نام کر لی

مصر کے کھلاڑیوں نے چیف آف ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ خواتین کا ٹائٹل مصر کی فریدہ محمد جبکہ مردوں کا مصر کے مصطفی اصل نے اپنے نام کر لیا ہے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئر سٹاف ایئر مارشل مجاہد انور خان مہمان خصوصی تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ چیمپیئن شپ میں مردوں کیلئے 30 ہزار ڈالرز جبکہ خواتین کیلئے 10 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ گذشتہ روز مصحف سکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے خواتین کے فائنل میچ میں مصر کی فریدہ محمد نے سوئٹزرلینڈ کینڈی مرلو کو 3۔1 سے ہراکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔ پہلے سیٹ مصر کی فریدہ محمد نے 11۔8 سے اپنے نام کیا۔ دوسرے سیٹ میں سوئٹزرلینڈ کینڈی مرلو نے 9۔11 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 1۔1 سیٹ سے برابر کر دیا۔ مصر کی فریدہ محمد نے تیسرے اور چوتھے سیٹ میں بالترتیب 11۔9 سے اور 11۔5 سے کامیابی حاصل کرکے 3۔1 سے خواتین کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے یہ میچ 33 منٹ تک جاری رہا۔ مردوں کے ٹائٹل کی دوڑ میں مصر کے مصطفی اصل نے یوسیف سلیمان کو 3۔2 سے کامیابی حاصل کی۔ پہلے سیٹ میں یوسف سلمان نے 11۔8 سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرا سیٹ بھی یوسف سلمان نے 11۔7 سے اپنے نام کیا۔ تیسرے سیٹ میں مصطفی اصل نے 11۔2 نے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 2۔1 کردیا، چوتھے سیٹ میں بھی مصطفی اصل نے 11۔1 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 2۔2 سے برابر کر دیا۔ پانچویں سیٹ میں مصطفی اصل نے 11۔7 سے کامیابی حاصل کرکے 3۔2 ٹائٹل اپنے نام کرلیا یہ میچ70 منٹ تک جاری رہا۔ واضح رہے کہ مردوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں مصر کے مصطفی اصل نے سکاؤٹ لینڈ کے گریگ لوان کو اور مصر کے یوسف سلمان نے اپنے ہم وطن مصر کے کریم علی فتحی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔خواتین کے ایونٹ میں مصر کی فریدہ محمد نے ہم وطنی مصر کی ثناء ابراہیم کو جبکہ سوئٹزرلینڈ کینڈی مرلو نیکوریا کی جیؤن لی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

ویمنز فٹبال ورلڈ کپ 2023کی میزبانی کیلئے 9ممالک کی دلچسپی

فٹ بال کی عالمی تنظیم نے کہا کہ نو ممالک نے 2023 میں شیڈول ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ فیفا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ارجنٹائن، آسٹریلیا، بولیویا، کولمبیا، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ نے باضابطہ طور پر میگا ایونٹ کی میزبانی کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ شمالی اور جنوبی کوریا نے مشترکہ طور پر میزبانی کیلئے کہا ہے۔ ورلڈ گورننگ باڈی نے کہا کہ تمام فٹ بال ایسوسی ایشنز رواں سال 16 اپریل تک میزبانی کیلئے رجسٹریشن کرا سکتی ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد گورننگ باڈی تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی میزبان ملک کا اعلان کریگی۔ واضح رہے کہ رواں برس شیڈول ویمنز ورلڈ کپ 7 جون سے 7 جولائی تک فرانس میں کھیلا جائیگا۔

پاکستان رگبی یونین،کوچنگ کورس اختتام پذیر

پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں دو روزہ لیول ون 15 سائیڈ کوچنگ کورس اختتام پذیرہوا۔ پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد ملک نے اس دو روزہ کورس کو کنڈکٹ کیا۔ کورس پاکستان کے مختلف شہروں میں اس سے قبل بھی ہو چکا ہے۔ شکیل احمد ملک کے مطابق سیون سائیڈکورسز کے بعد اس سال پاکستان رگبی یونین15 سائیڈ لیول ون اور ٹو کورسز کروا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں اسلام آباد ، جنوبی پنجاب میں کورسز منعقد ہو چکے ہیں اور اب یہ کورس لاہور میں منعقد ہوا۔ شکیل احمد ملک نے یو ایم ٹی کے سپورٹس ہیڈ ابوبکر کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے وینیو فراہم کیا۔ کورس کے شرکاء میں محمد بابر ، عمر عثمان اور خالد بھٹی(واپڈا)، محمد عثمان (ڈی ایچ اے رگبی کلب)، محمد فرحان خاور، ارسلان الٰہی اور چودھری محمد عمر(لاہور ہاکس)،محمد ظہیر مشتاق اور کاشف علی (امپریل یونیورسٹی)، مجدید اعوان (بیکن ہاؤس )، حماد رضا (پنجاب یونیورسٹی)، محسن اقبال خان (پنجاب رگبی ایسوسی ایشن)، میربالاج ظفر (لاہور رگبی کلب) اور علی رضا(پاکستان رگبی یونین) شامل ہیں۔ شکیل احمد ملک کے مطابق لاہور کی تمام بڑی یونیورسٹیز اورکلبوں کے کوچز نے شرکت کی ہے امید ہے جس طرح سیونز سائیڈ پاکستان بھر میں فروغ پائی ہے 15 سائیڈ کے مزید کوچز کی وجہ سے یہ فارمیٹ بھی کافی مقبول ہوگا۔ پاکستان رگبی یونین کے چیئرمین فوزی خواجہ اور صدر عارف سعید نے شکیل احمد ملک کو کوچنگ کورسز کے شاندار انعقاد پراپنے پیغام میں کہا کہ جیسے جیسے کوچز کی تعداد بڑھے گی رگبی کا کھیل گراس روٹ لیول تک زیاد ہ پرموٹ ہوگا اور ٹیموں کی تعداد بڑھے گی۔

مزید : ایڈیشن 1


loading...