علاقے کے مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہے :رانا سعید راجپوت

علاقے کے مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہے :رانا سعید راجپوت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) علاقے کے مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہے، جس میں عام لوگوں کو بنیادی سہولیات مہیا کرنا پینے کا صاف پانی ڈرینج نکاسی آب کو بہتر بنانا، گلیوں کو پختہ کرنا، سڑکوں کے نظام کو بہتر بناناوغیرہ شامل ہیں۔ یہ بات UC-21 کے نائب چیئرمین رانا سعید راجپوت نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ یوسی 21 گلشن حدید کو ڈسٹرکٹ کونسل پانچ لاکھ روپے ماہانہ اخراجات اور ترقیاتی کاموں کی مد میں دیتی ہے جس میں سے ڈھائی لاکھ روپے تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوجاتے ہیں، باقی ڈھائی لاکھ روپے میں کبھی اسٹریٹ لائٹس اور کبھی سی سی فلورنگ کرواتے ہیں جو ناکافی بجٹ ہونے کی وجہ سے بہت تھوڑا ہوپاتا ہے ہم نے گٹرز کے ڈھکنے اپنے پاس سے ہی بنوائے ہیں جو کم لاگت ہونے کے علاوہ مضبوط اور پائیدار ہوتے ہیں اور ہیوی ٹریفک کا بوجھ بھی برداشت کرسکتے ہیں۔ رانا سعید نے بتایا UC-21 میں سندھ حکومت اور ڈی ایم سی نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جس میں سڑکوں کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹس، نکاسی آب وغیرہ جس میں ہمارے کونسلرز کی رائے کو اہمیت دی جاتی ہے اور ان کی مشاورت کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ UC-21 گلشن حدید کو حکومت سندھ کم از کم 12 کروڑ روپے کے فنڈ ز جاری کرے تو ہم ترقیاتی کام بہت بڑی تعداد میں مکمل کرواسکتے ہیں اور علاقہ صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے گا ، دیگر مسائل بھی حل مکمل کروائے جاسکتے ہیں جس سے علاقے میں مسائل میں کمی نظر آئے گی۔ ویسے تو ڈی ایم سی کا بجٹ موجودہ مالی وسائل کے لحاظ سے ناکافی ہے مگر یہ قابل تعریف ہے اگر ڈی ایم سی بھی چھ لاکھ روپے تک گرانٹ منظور کرکے یوسی کو فراہم کرے تو رہ جانے والے ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک پہنچائے جاسکتے ہیں۔ اس موقع پر یوتھ کونسلر ناصر میر جت جو کہ انجینئر بھی ہیں اور بڑے ویژن کے ساتھ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا اور نوجوانوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ نوجوانوں کی بہتری کے لیے ان کے پاس بہت سے پروگرامز میں اسپورٹس، کمپیوٹر لٹریسی، سیاحت اور نوجوانوں کی سیاسی تربیت وغیرہ شامل ہیں۔ مگر ناصر میر جیت کو مایوسی ہوئی کہ وہ نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کرسکے ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت سندھ اور ڈی ایم سی نوجوانوں کے لیے فنڈز مختص کرے تو وہ کم وقت میں بہت اچھا رزلٹ دے سکتے ہیں اور ان کے چیئرمین ، وائس چیئرمین اور دیگر کونسلر ان کا مکمل ساتھ دیں گے ، ہماری نوجوان نسل آئندہ ملک و ملت کے لیے کارآمد بن سکے ۔ اس موقع پر رانا سعید اور ناصر میر جت نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے پاس ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو ہمارے ہیرو ہیں، شہید بھٹو ایک ڈائنامک شخصیت کے مالک تھے اور انہوں نے ٹوٹے ہوئے ڈوبے ہوئے پاکستان کی چند مہینوں میں آبیاری کی اور ترقی کے ریکارڈ توڑدیئے ۔ اسلامی کانفرنس ، 73 کا آئین دیا ، عوام کو شعور دیا، ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں سیاست کو آزادی کو اور ترقی کو پروان چڑھائیں گے ، انشاء اﷲ پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت کی رہنمائی میں پاکستان ترقی کے منازل طے کرے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...