الخدمت خواتین کے تحت ویلکم رمضان فیسٹیول کا انعقاد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت خواتین کراچی کے تحت ٹیپو سلطان ہال میں ’’ویلکم رمضان فیسٹیول ‘‘ کا انعقاد کیا گیا ، فیسٹیول کا آغاز صبح 11بجے ہوا جو شام 6بجے تک جاری رہا ، فیسٹیول میں خواتین، بچیوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، فیسٹیول میں مختلف اسٹال لگائے گئے تھے جن میں راشن پیکج ، شادی بکس ، روزگار پروگرام، ، شعبہ تعلیم ، شعبہ صحت، بچیوں کے سوٹ ،جیولری اور گھریلوسامان کی اشیاء کے اسٹال شامل تھے ، جب کہ چھوٹے بچوں اور بچیوں کے لیے پلے ایریا بنا یا گیا تھا ،اس موقع پر ٹیلنٹ ایوارڈ زبھی دیئے گئے۔بچوں کے درمیان نعت،تلاوت ملی نغمے اور تقاریر کے مقابلے ہوئے۔ فیسٹیول میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سکریٹری دردانہ صدیقی، ایس پی پولیس شہلا قریشی، ماہر تعلیم تنویر خالد، سابق ممبرقومی اسمبلی عائشہ منور، پروفیسر ثناء غوری، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر ، الخدمت کراچی کی نگران منور اخلاص ،ٹی وی اینکر فرحانہ اویس، فیشن ڈیزائنر شازیہ سومرو،پی ایچ ڈی اسکالرحسین بانو،الخدمت فاؤنڈیشن کی صدر کلثوم رانچھا،نائب صدر شمع گلزار اور دیگر نے شرکت کی اور شرکاء4 سے خطاب کیا۔مہمانوں نے اسٹالوں کا دورہ بھی کیا اور الخدمت خواتین کی کاوشوں کو سراہا۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت خواتین کراچی کی جانب سے خوبصورت فیسٹیول کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہاکہ الخدمت کراچی سمیت پورے پاکستان میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے ، کراچی میں الخدمت کے تحت کئی اسپتال قائم ہیں جن میں سستا علاج کیا جاتا ہے ، الخدمت کے تحت شہر بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹ قائم کیے گئے ہیں جس میں سستا اور صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے ، اسی طرح الخدمت کے شعبہ تعلیم میں غریب بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے یہ سب مخیر حضرا ت کے تعاون سے ہی ممکن ہوپاتا ہے ، کراچی کے عوام الخدمت پر اعتماد کرتے ہیں اور اللہ کی راہ میں بڑھ چڑھ کر مال خرچ کرتے ہیں ، انہوں نے کہاکہ الخدمت خواتین کے تحت خواتین کو گھروں میں کپڑے کی سلائی کا کام سکھایا جاتا ہے اور انہیں روزگار فراہم کیا جاتا ہے جماعت اسلامی اور الخدمت خواتین کی رضاکار فی سبیل اللہ اپنی خدمات سر انجام دیتی ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کو خوشنودی کے لیے ہے ، کراچی کے عوام بڑھ چڑھ کر اللہ کی راہ میں مال خرچ کریں تاکہ الخدمت اسی طرح اپنی رفاہی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ معاشرے میں خیر اور نیکی کے فروغ کے لئے سب کو حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ معاشرے کا کوئی بھی طبقہ محرومی کا شکار نہ ہو ،چھوٹی چھوٹی نیکیوں ، مسکراہٹ اور خدمت سے خوبصورت معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے الخدمت کی کوششوں کو سراہا اور لوگوں کو ساتھ ملکر کام کرنے کی دعوت دی۔ شاہدہ وزارت نے کہا کہ صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رہ کرہی تعمیری سوچ پروان چڑھتی ہے۔ایس پی شہلا قریشی نے کہا کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کی آمد سے قبل الخدمت کی یہ کاوش قابل قدر ہے۔ منظم پروگرام جماعت اسلامی کا خاصہ ہیں۔ عائشہ منور نے کہا کہ لوگوں کی صلاحیت کی قدر کرنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور وہ لوگ معاشرے کے مفید شہری بنتے ہیں۔ ثنا ء غوری نے جماعت اسلامی اور الخدمت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مولانا کی کتابیں پڑھ کر میری والدہ مسلمان ہوئیں اور تقریبا 5000 غیر مسلموں تک اسلام کی تعلیمات پہنچائیں۔ اسماء4 سفیر نے کہا کہ الخدمت ہنرمند خواتین کی حوصلہ افزائی کے ذریعے معاشرے میں مثبت رجحان کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ تنویر خالد نے کہا کہ قوموں کی ترقی انفرادی کوششوں سے نہیں ہوتی اس کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوتا ہے۔ اس موقع پر الخدمت کراچی کی نگران منور اخلاص نے شرکاء4 کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الخدمت دیانت کے ساتھ خوشیاں بکھیرنے اور غم سمیٹنے کا کام کرتی رہے گی۔