اڈیالہ جیل ، منشیات کیس میں ملوث 2 قیدیوں کی پراسرارہلاکت
راولپنڈی(آئی این پی ) اڈیالہ جیل میں منشیات کے مقدمے میں سزا کاٹنے والے 2قیدیوں کی پراسرار ہلاکت ہوگئی، دونوں قیدیوں کی لاشیں صبح بیرکوں سے ملیں، دونوں قیدیوں کی رات اچانک طبعیت خراب ہوئی تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے دونوں کو طبی امداد نہیں دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بشارت اور عابس نامی قیدی منشیات فروشی کے کیس میں سزا یافتہ تھے اور اڈیالہ جیل میں قید کاٹ رہے تھے، بشارت سزا کے طور پر سیل میں بند تھا جب کہ عباس کو بیرک میں رکھا گیا تھا، دونوں قیدیوں کی لاشیں صبح بیرکوں سے ملیں جس کی جیل انتظامیہ کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں قیدیوں کی رات اچانک طبعیت خراب ہوئی تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے دونوں کو نہ طبی امداد دی گئی اور نہ ہی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اڈیالہ جیل میں قیدیوں کا علاج نہیں کیا جاتا اور جیل میں موجود اسپتال میں علاج کی سہولیات نہیں ہیں، انتظامیہ کی جانب سے دونوں قیدیوں کو فوری طبی امداد فراہم نہ کر ناانتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی ہے۔جیل انتظامیہ کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد دونوں لاشیں ورثا کے حوالے کردی جائیں گی۔
اڈیالہ جیل