گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع،شارٹ فال اڑھائی ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا

گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع،شارٹ فال اڑھائی ہزار میگاواٹ تک ...
گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع،شارٹ فال اڑھائی ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)گرمی کی شدت بڑھتے ہی ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی اور شارٹ فال اڑھائی ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔جبکہ وزیر توانائی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں بجلی کاشارٹ فال زیرومیگاواٹ ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ بجلی کی پیداوار 13 ہزار 500 میگاواٹ ہے، دو ہزار پانچ سو میگا واٹ کے شارٹ فال سے لوڈ مینجمنٹ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 490 میگاواٹ بجلی کی قلت کا سامنا ہے، لیسکو کے مجموعی 1775 فیڈر پر بجلی کے تقسیم کار سسٹم میں لائن لاسز اور چوری کی بنیاد پر بجلی کی بندش کی جا رہی ہے۔جس کے باعث لیسکو کے دس فیصد لائن لاسز والے 1241 فیڈرز پر تین گھنٹے اور 30 فیصد تک لائن لاسز والے 430 فیڈرز پر 5 گھنٹے بجلی کی بندش کی جا رہی ہے تاہم 40 فیصد لاسز والے 74 فیڈرز بھی چھ گھنٹے کے لئے بند کئے جا رہے ہیں۔لیسکو کے 60 فیصد لاسز والے 20 فیڈرز پر سات گھنٹے کی بجلی بندش کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے سے برف پگھل کر ڈیمز میں پانی کی آمد بڑھے گی تو بجلی کی پیداوار میں بھی بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا۔
وزیر توانائی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں بجلی کاشارٹ فال زیرومیگاواٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ آج سسٹم کی کل طلب 14 ہزار 840 میگاواٹ ہے،سسٹم میں دستیاب بجلی کی پیداوار 17 ہزار 100 میگاواٹ ہے۔