پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات
پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (وقار نسیم وامق) تعلیمی اداروں کے لیے وہ دن یقیناً باعثِ افتخار ہوتا ہےجب ان کے طلبا ءملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کرتے ہیں۔اسی سلسلے میں ایک تقریب پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمانِ خصوصی سفیرِپاکستان راجہ علی اعجاز تھے جبکہ مہمانانِ گرامی میں چیئرمین سکول مینجمنٹ کمیٹی کیپٹن عامر محمود وائس چیئر مین و اراکین اور پرنسپل اسکول محمد تنویر تشریف فرما تھے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں والدین ، کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات ، کیمبرج انٹرنیشنل کے نمائندوں اور صحافی برداری نے بھی شرکت کی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض طالب علم ملک معاذ ، طالبہ زیب النسا اور اساتذہ میں سے غلام مجتبیٰ اور صائمہ نورین نے سر انجام دیئے۔ تقریب کے منتظم ناظمِ امتحانات محمد نعیم اختر تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت ِ قرآن پاک اور ترجمہ سے ہوا، سکول کے پرنسپل محمد تنویر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن سکول ، طلباء اور اُن کے والدین کے لئے قابل فخر دن ہے، اس دن کو بامقصد بنانے کے لیے اس تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے، طلباء کی خوشی میں ہی ہماری خوشی ہے۔


انہوں نے سکول کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اورکہا کہ تعلیمی خدمات میں طلبا کی شان دار کامیابی نہ صرف امسال بلکہ روایات کی آئینہ دار رہی۔ یقیناً یہ کامیابی اساتذہ کی محنت ، والدین کی دعاوؤں ، سکول انتظامیہ کی بہترین تعلیمی پالیسی، صدر شعبہ ہائے جات، کوآرڈینیٹرز اور سکول مینجمنٹ کی بھر پور محنت کا ثمر ہے جن سے آج ہم استفادہ کر رہے ہیں اور فرحاں و شاداں ہیں۔
سکول میں طلباء کو بہترین تعلیمی ماحول میسر ہے۔ سکول میں طلباء و طالبات کی تعداد تقریباً ساڑھے چار ہزار تک پہنچ چکی ہے جو کہ کمیونٹی کا سکول ہذا پر اعتماد کا مظہر ہے کہ اُن کے نونہالان کی تعلیم و تربیت کی باگ ڈور مستند ہاتھوں میں ہے۔ سکول مینجمٹ کمیٹی اور سکول انتظامیہ کی کاوشوں سےگرلز ونگ اور بوائز ونگ کی اپنی جدید سائنس لیبارٹریز ہیں، بہترین لائبریری، کمپیوٹرز کی تعلیم کے لیے جدید ترین کمپیوٹرز ہیں۔ بیرونی امتحانات کے لیے طلباء کو ہر سال اضافی کلاسز میں راہنمائی دی جاتی ہے۔ مزید یہ کہ ان شاء اللہ جلد خصوصی بچوں کے لیے تعلیم و تربیت کا آغاز کیا جارہا ہے ۔

نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔ قومی و مذھبی تہوار و مشاہیر کے ایام با اہتمام بڑے جوش وخروش سے منائے جاتے ہیں اور طلباء کو اِن ایام کی اہمیت سے آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ گاہے گاہے مختلف شعبۂ ہائے زندگی اور علوم کے ماہرین کو مدعو کیا جاتا ہے جو کہ اساتذہ اور طلباء کو اپنی تعلیمی قابلیت و صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور عملی زندگی میں کامیابی کے زینے طے کرنے میں راہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ طلبا ء میں اظہار ما فی الضمیر اور خود اعتمادی پیدا کرنے کے لیے سالانہ اُردُو و انگریزی زبان میں مباحثے، ماہانہ تقاریر کے مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ طلباءکو تعلیمی وتفریحی دورے بھی کرائے جاتے ہیں۔ کھیلوں کے سالانہ مقابلے بڑے بھر پور انداز میں منعقد کروائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں انٹرنیشنل سکولز سپورٹس لیگ ریاض میں بھی سکول ہذا کی کارکردگی ہمیشہ قابل ستائش رہی ہے اور اکثر کیٹیگریز میں اول پوزیشنز حاصل کیں۔فائن آرٹس اور مصوری کے اب تک شرکت کردہ مقابلہ جات میں اسکول ہذا نے مسلسل تیسرے سال پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔


الفیصل سائنس پروجیکٹ مقابلہ جات برائے مملکت زیرِ نگرانی الفیصل یونیورسٹی، سکول ہذا کی طالبات الیحہ سید اور أمل فاطمہ نے پہلی اور ہادیہ سحر نے تیسری پوزیشن حاصل کی علاوہ ازیں برٹش کونسل کے زیر نگرانی ایک مقابلہ میں ہمارے اے ایس کے طلباء عبد الرحمٰن ، بلال اور معیز نے سنٹرل ریجن میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے دنیا بھر میں پاکستان اور سکول ہذا کا نام روشن کیا۔ جس کے لیے میں طلباء ، والدین اور کمیونٹی کو مبارکباد اور اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے نتائج کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ امسال بھی سکول کے اندرونی اور بیرونی امتحان ہمیشہ کی طرح شاندار رہے جو سکول ، طلبا ء، والدین اور ملک و قوم کے لیے باعث ِفخر ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیشہ کی طرح امسال بھی اے لیول کے امتحان زیر نگرانی برٹش کونسل میں پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض کے طالب علم مزمل حامد حسین نے ریاضی میں مملکت میں، فاطمہ حسین اور اریبہ عظیم نے او لیول کے امتحان میں بالترتیب بیالوجی اور کیمسٹری میں سنٹرل ریجن میں اوّل پوزیشن حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل سکول انگلش سیکشن ریاض کمیونٹی کے لیے مینارۂ نور کی حیثیت رکھتا ہے اور طلباء اس کے درخشندہ ستارے ہیں جس کی لو سے استفادہ کرکے طلباء نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھرمیں اپنی پیشہ وارانہ ذ مہ داریوں کو دیانت داری سے نبھاتے ہوئے وطن عزیز کا نام روشن کر رہے ہیں۔
انہوں نے مہمانِ خصوصی، مہمانانِ گرامی، چئیرمین سکول مینجمنٹ کمیٹی، اساتذہ ، کوآرڈینٹرز، صدر شعبہ ہائے جات اورسپورٹنگ سٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
ننھے منےّ بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو کی صورت میں خوش آمدید کہا ،تمام مہمانوں نے ننھے بچوں کو دل کھول کر داد دی۔
تقریب کے اہم اور بنیادی مقصد کی طرف بڑھتے ہوئے انعام یافتگان طلبا میں انعامات تقسیم کرنے کا مرحلہ شروع ہوا تو سب سے پہلے سکول کے داخلی امتحانات کے تمام سیکشنز میں اوّل پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔
جونیئر ونگ کے بچوں نے خوبصورت لباس میں پیارے وطن سے اظہارِ محبت اور احساسِ حب الوطنی بیدار کرنے کے لیے ملی نغمہ’کبھی ہم غازی ہوتے ہیں ‘‘ کودلکش انداز میں پیش کیا اور خوب داد سمیٹی۔بوائز ونگ کی نمائندگی کرتے ہوئے طلبا نے ولولہ انگیز ملی نغمہ‘حسن اسحاق ‘‘ پیش کرکے دلوں کو گرمایا ۔
سکول طلبا کی نمائندگی کرتے ہوئے طالب علم عثمان احمد اور طالبہ مائدہ اعزاز نے کہا کہ ہم نے اس سکول سے بہت کچھ سیکھا۔ ہمارے لیے اس سکول میں گزرا ایک ایک لحمہ قیمتی تھا۔ہم اس بہترین تعلیم و تربیت پر اپنے پرنسپل اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اُن کو سلام پیش کرتے ہیں۔انعامات کی آخری کڑی میں دنیا بھر میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلبا میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔


چیئرمین سکول مینجمنٹ کمیٹی کیپٹن عامر محمود نے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، کمیٹی کے ارکان، والدین ، اساتذہ اور طلباء کو خوش آمدید کہا۔ الحمدللہ سکول اساتذہ کی تربیت اور طلبا ءکی محنت نے ہماری، والدین اور پاکستان کی شہرت و عزت کو چار چاند لگا دئیے ہیں۔ میں ہمیشہ محسوس کرتا ہوں کہ ہمارا اپنا سکول نہ صرف ریاض بلکہ مملکت کا سب سے بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔ سکول مینجمنٹ کمیٹی سکول کے وسائل کو خالصتاً سکول کی فلاح وبہود کے استعمال کر رہی ہے۔ جس میں نئے کمپیوٹر اور اسمارٹ بورڈز کی خرید ، سکول کے پارکنگ لاٹ کی ڈیکوریشن اور سول ڈیفنس سسٹم کی بہتری شامل ہے۔ سکول مینجمنٹ کمیٹی نے اساتذہ کی تعلیمی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختلف ورکشاپ کا انعقاد بھی کیا۔ انہوں نے طلبا ء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا وہ ملک و قوم کی خدمت کو مقدم رکھیں۔انہوں نے کہا ہم پوری ایمانداری سے سکول کی ترقی کے کوشاں ہیں۔
تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب راجہ علی اعجاز نے سکول انتظامیہ، پرنسپل، اساتذہ کو اس پروگرام کو احسن انداز میں منعقد کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا، سکول کے نتائج سن کر میں بہت متاثر ہوا ہوں۔ آپ سب اس کے لیے یقیناًمبارکباد اور شاباش کے مستحق ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ سکول نہ صرف طلباء کو تعلیم کے میدان میں بھر پور معاونت فراہم کرتا ہے بلکہ شخصیت سازی پر بھی یہاں بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔
انہوں نے طلبا ءکو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ آپ کا یہ ادارہ آپ کے آغازِ سفر کےلیے مبارک ثابت ہوا ہے اور مستقبل کی کامیابی کی طرف آپ کا پہلا اور بنیادی قدم ہے۔ میری دعا ہے کہ آپ کے یہ سفر یونہی شاندار طریقے سے جاری رہے آپ سب پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں، آپ کی کامیابی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، کمیونٹی کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا سفارتِ خانہ پاکستان آپ کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔
میں اساتذہ کا تہہ دل سے مشکور اور اُن کے لیے دعا گو ہوں، انہوں نے ایک بار پھر سکول مینجمنٹ کمیٹی ، سکول انتظامیہ ، پرنسپل، اساتذہ اور طلبا ء کا اِس علم پروری پر شکریہ ادا کیا ، اس موقع پر سفیرِ پاکستان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
تقریب قومی ترانےکے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ بعد ازں حاضرین نے بین الاقوامی ابلاغ عامہ کے رو برو سکول ہذا ، انتظامیہ اور اساتذہ کی ستائش کرتے ہوئے سکول کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا ۔

مزید :

عرب دنیا -