ہالی ووڈ اداکار ول سمتھ کی بیوی عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی مداح نکلیں
لاس اینجلس (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہالی ووڈ کے معروف اداکار وِل سمتھ کی اہلیہ پاکستانی گلوکاروں عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی مداح نکلیں۔
اداکار وِل سمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ سمتھ خود بھی گلوکارہ و اداکار ہیں ۔ وہ نہ صرف کئی گانے گاچکی ہیں بلکہ ہالی ووڈ کی متعدد فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میںانکشاف کیا کہ وہ عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کی مداح ہیں۔
جاڈا پنکیٹ سمتھ نے انسٹاگرام پر عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان کے کوک سٹوڈیو میں گائے گئے صوفیانہ کلام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دونوں پاکستانی گلوکار صوفی موسیقی میں ان کے پسندیدہ ہیں۔’ اس گانے کو چھاپ تلک کہا جاتا ہے اور آپ یوٹیوب پر جا کر اس کے بول دیکھ سکتے ہیں، دونوں ہی بہت خوبصورت آوازوں کے مالک ہیں‘۔
خیال رہے کہ کوک سٹوڈیو کے سیزن 7 میں عابدہ پروین اور راحت فتح علی خان نے ’ چھاپ تلک‘ گایا تھا جس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے تھے۔ یہ صوفیانہ کلام یوٹیوب پر اب تک 20 ملین سے زائد لوگ سن چکے ہیں۔