قومی یکجہتی اور اتحاد کے قائل، لاتوں اور مکوں سے حکومت گرانے پر یقین نہیں رکھتے:سینیٹر سراج الحق

قومی یکجہتی اور اتحاد کے قائل، لاتوں اور مکوں سے حکومت گرانے پر یقین نہیں ...
قومی یکجہتی اور اتحاد کے قائل، لاتوں اور مکوں سے حکومت گرانے پر یقین نہیں رکھتے:سینیٹر سراج الحق

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہم لاتوں اور مکوں سے حکومت گرانے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ مسائل پر قابو پانے کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد کے قائل ہیں،عوام نے سیاسی جماعتوں کو بار بار آزمالیا ہے اب جماعت اسلامی کے علاوہ قوم کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں،پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے ملک میں نظام مصطفیﷺ  کا نفاذ ضروری ہے،موجودہ دور حکومت بھی ظلم و جبر کے سابقہ ادوار کا تسلسل ہے،کچھ نئے وزراء بڑے بڑے دعوؤں کے ساتھ کرسیوں پر بیٹھے ہیں مگر مہنگائی ، بے روزگاری اور عام آدمی کا استحصال اسی طرح جاری ہے،حکومت ابھی تک ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکی،افسوسناک امر یہ ہے کہ حکومت کا کوئی وژن نہیں اور حکومت اپنے پہلے سو دنوں میں ہی ایکسپوز ہوگئی تھی،وزیر خزانہ روزانہ عوام کو مزید رونے اور چیخیں مارنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیتے ہیں،ان کے ان بے سرو پا بیانات نے بھی پاکستانی عوام کو پریشان کر رکھاہے ۔ 

 سعودی عرب کے چار ہفتے کے دورہ کے بعد وطن واپسی پر علامہ اقبال ایئر پورٹ پر میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ ملک میں افراد سے نہیں ، نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی ،اگر آج ملک میں اسلامی نظام نافذ کر دیا جائے تو تمام پریشانیوں کا خاتمہ ہوسکتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام نے تمام جماعتوں کو ایک بار نہیں ، بار بار آزما کر دیکھ لیاہے لیکن حالات میں بہتری کے بجائے روز بروز خرابی اور مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،اب عوام کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ ملک میں نظام مصطفی ﷺکے نفاذ کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ،میں نے بیت اللہ اور روضہ رسول ﷺ میں کھڑے ہو کر اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے عہد کیاہے کہ زندگی کے آخری لمحہ تک ملک میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور قائد اعظم کے پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے ۔

 ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت نے اگر کوئی حرکت کی توایسا جواب دیں گے کہ آئندہ وہ پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرأت بھی نہیں کرے گا ،بھارت سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے، بھارت اپنے مذموم ارادوں میں پہلے کامیاب ہوا نہ آئندہ ہوگا۔

مزید : قومی


loading...