کروناکے بعد احسان مانی سے کرکٹ نظام پر گفتگو کرینگے، اقبال محمد علی

کروناکے بعد احسان مانی سے کرکٹ نظام پر گفتگو کرینگے، اقبال محمد علی

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے رکن اقبال محمد علی خان نے ایک بار پھر چیئر مین پی سی بی احسان مانی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھ سے باہر ہے کہ موجودہ بورڈ کس طرح دن پورے کر رہا ہے۔ ایک انٹرویو میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے کراچی کے حلقے 240 سے قومی اسمبلی کے رکن نے کہا کہ کرکٹرز کے مستقبل کی سوچ کو بالائے طاق رکھ کر موجودہ بورڈ نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا نیا نظام متعارف کروادیا۔

   اب سارے کرکٹرز رونا گانا کر رہے ہیں، جس وقت یہ نظام متعارف کروایا گیا جب سب منہ میں انگلیاں ڈال کر بیٹھے تھے۔اقبال محمد علی نے کہا کہ جب ڈیپارٹمنٹ اور ریجن بند کر دئیے گئے، تو ان کے نمائندے کیا، گورننگ بورڈ اجلاس میں چائے بسکٹ کھانے آتے ہیں؟ اقبال محمد علی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کے سامنے تو احسان مانی کی آواز بند ہوجاتی ہے۔انہوں نے بناء سوچے سمجھے ڈپارٹمنٹ اور ریجن بند کرکے ان کے دروازوں پر تالے ڈالا دئیے تاہم اب اپنے مفاد کے لئے انہی ریجن اور ڈیپارٹمنٹ کے نام نہاد نمائندوں کیساتھ گورننگ بورڈ کی سیاست چلا کر اپنی مرضی کے فیصلے کرتے جارہے ہیں، جن کی قانونی حیثیت کی سمت کا تعین کون کرے گا؟ اقبال محمد علی نے کہا کہ گورننگ بورڈ کے بارے میں احسان مانی سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کی سطح پر تحفظات پائے جاتے ہیں، سینٹ کمیٹی میں چیئر مین پی سی بی اپنے حوالے سے اٹھائے گئے سوالات پر حوصلہ افزاء جوابات دئیے بغیر چلے گئے تھے، تاہم یہ صورت حال وہ زیادہ وقت لے کر نہیں چل سکتے، ابھی تو کورونا وائرس نے لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے، جب حالات بہتر ہونگے، تو احسان مانی کو بلا کر ان معاملات پر گفتگو کرینگے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -