وزیراعلٰی پنجاب کا نجی سکولوں کی فیس میں 20فیصد کمی، اساتذہ کی نوکریوں کے تحفظ کا اعلان
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نجی سکولوں کی فیس 20 فیصد کم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر کے نجی سکول پوری فیس نہیں لیں گے،کوئی نجی سکول یکمشت ایک ماہ سے زائد فیس وصول نہیں کرے گا جبکہ نجی سکول اساتذہ سمیت دیگر عملے کو ملازمت سے فارغ نہیں کرسکیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پی سی آر لیب کے دورے کے بعد پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے کمیٹی روم میں میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر محمد عثمان نے بریفنگ میں بتایاکہ صوبہ بھر میں کرونا کے کیس ملنے کے بعد ان کے 2110 سماجی تعلق داروں کو ٹریس کیا گیا ہے جن میں سے 147 کے مثبت ٹیسٹ آئے،صوبہ بھر میں کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے 8 ہزار کٹس موجود ہیں اورمزید بھی مہیا کریں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈویژنل لیول پر بی ایس ایل لیول تھری لیب بہت جلد فنکشنل ہو جائیں گی کیونکہ ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، ڈیرہ غازی اور راولپنڈی میں بی ایس ایل لیول تھری لیب تکمیل کے قریب ہیں۔وزیر اعلی نے بتایا کہ پنجاب میں کرونا ٹیسٹ کی استعداد کار 2 ہفتے تک 5 ہزار روزانہ تک لے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چینی ڈاکٹروں سے ملاقات اور مشاورت سود مند ثابت ہو رہی ہے۔ چینی ماہرین کے مطابق سماجی فاصلے ہی کرونا سے بچاؤکا واحد اور موثرذریعہ ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہر حقدار کو امداد پہنچانے کیلئے پی ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی پابندی لگائی گئی،امداد دینے کے خواہشمندپی ڈی ایم اے کے دیئے گئے نمبرز پررابطہ کر سکتے ہیں، لاہور میں 25 ہزار نادار خاندانوں میں راشن اور امدادی سامان کے پیکٹ پہنچائے گئے جبکہ لاہور میں این جی اوز اور ڈپٹی کمشنر آفس کے اشتراک سے امدادی سامان پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے معاشی صورتحال پر پوری نظر ہے جبکہ مختلف علاقوں میں پابندیوں میں نرمی یا سختی کا فیصلہ روزانہ رپورٹس کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان میں متاثرہ ڈاکٹروں کی بھرپور دیکھ بھال کریں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو قطعا معاف نہیں کیا جائے گا۔قب؛ ازیں وزیر اعلی پنجاب نے کرونا ٹیسٹ کیلئے قائم کردہ سنٹرل پی سی آر لیب کے دورے میں کرونا ٹیسٹ کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا،لیب میں کام کرنے والے عملے سے ٹیسٹ کے طریقہ کار کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر اور لیب سٹاف کی خدمات کو سراہا اور شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام بی ایس ایل لیول تھری لیب کا قیام خوش آئند ہے۔
سردار عثمان بزدار