حکومت اور اپوزیشن کا کرونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کو فعال رکھنے پر اتفاق

  حکومت اور اپوزیشن کا کرونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کو فعال رکھنے پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)کرونا وائرس پر بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں کمیٹی کے قواعدوضوابط طے کرنے کیلئے وفاقی وزیر وزیراعظم خان سواتی کی سربراہی میں 25رکنی ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی، جس کا آئندہ اجلاس جمعرات کو ہوگا۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس سپیکر اسدقیصر کے زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان،سینیٹرحاصل بزنجو اورخواجہ محمد آصف سمیت بلوچستان کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہاکہ پارلیمینٹ کے کردار کو موثربنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا،کرونا وائرس کی وبا ء سے نمٹنے کیلئے پارلیمان سے پوری قوم ایک مربوط لائحہ عمل تجویز کیاجانا چاہئے۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی کی تمام سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کمیٹی میں بھیجاجائیگا تاکہ وہاں پر صوبوں کی مشاورت سے انسداد کرونا وائرس کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ریونیو کے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کمیٹی کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس تسلسل سے ہورہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تمام فیصلے صوبوں کی مشاورت سے کئے جا رہے ہیں اوروسائل کی شفاف اندازمیں تقسیم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ سخت معاشی حالات کے باوجود 1200 ارب روپے کا امدادی پیکیج دیا گیا۔حماد اظہر نے کہاکہ ٹائیگر فورس کو معلومات اکٹھی کرنے اور وسائل کی تقسیم کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے بتایاکہ سرکاری طور پر کرونا کا ٹیسٹ بالکل مفت کیا جا رہا ہے۔ملک میں 22 لیبارٹریاں کام کر رہی ہیں،اب تک 35 ہزار ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایاکہ ملک میں 3800 سے زائد وینٹی لیٹر موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ 9اپریل کو مزید 500 وینٹی لیٹر پاکستان پہنچ جائیں گے۔ڈاکٹر زاور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے29 ہزار حفاظتی کٹس صوبوں کو مہیا کر دی ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کرونا سے متعلق مانیٹرنگ اور نگرانی کا کام کرے گی،حکومت نے پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کا اعادہ کیا ہے،این ڈی ایم اے اور محکمہ صحت نے پارلیمانی کو مکمل بریف کیا ہے،اپوزیشن اور حکومت نے تمام تجاویز دیدی، جمعرات کو آئندہ اجلاس میں لاک ڈاؤن کی صورتحال پر غور ہوگا،لاک ڈاؤن کے مزید بڑھنے کی صورت میں آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے،ملکی معیشت پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا،یہ قومی مسئلہ ہے پارلیمینٹ کا کام ہے اپنا کردار ادا کرے،پوری قوم یکجہتی اور قومی جذبہ سے اس مسئلہ پر قابو پاسکتی ہے،حکومت اور اپوزیشن نے اس پارلیمانی کمیٹی کو فعال رکھنے پر اتفاق کیا ہے،آئندہ اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر منجمنٹ اور محکمہ صحت سے بریفنگ لی جائے گی۔پارلیمانی کمیٹی کرونا صورتحال پر حکمت عملی تیار کرے گی۔
اتفاق

مزید :

صفحہ آخر -