کراچی کے 3سرکاری ہسپتالوں میں 193بستروں کا آئیسو لیشن وارڈ قائم

کراچی کے 3سرکاری ہسپتالوں میں 193بستروں کا آئیسو لیشن وارڈ قائم

  

کراچی(این این آئی)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر شہر کے 3 سرکاری ہسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر صحت، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری انویسٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت اور دیگر شریک ہوئے۔ وزیراعلی سندھ نے کراچی کے 6 ہسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی، جس کے تحت سول ہسپتال میں 12، جناح ہسپتال میں 15، لیاری جنرل ہسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسزہسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کیا جائے گا۔اجلاس میں شہر کے 3 ہسپتالوں میں 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،، ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہے، ایکسپو سینٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے تو ایک ماہ کی بکنگ کرکے ڈاکٹرز کیلئے رہائش کا بندوبست کیا جائے، ہر ڈاکٹر کو الگ کمرہ فراہم کیا جائے۔دریں اثناء وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے مصدقہ کیسز کل تک 881 تھے جبکہ آج 51 نئے کیسز آئے ہیں، اس حساب سے کیسز کی تعداد 932 ہوگئی ہے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کے کل تک ہم نے کل 8931 ٹیسٹ کئے تھے جبکہ کل سے آج تک 660 ٹیسٹ کئے ہیں، اس حساب سے 9589 ٹیسٹ ہوئے ہیں، سندھ میں کل تک 881 کیسز تھے، آج 51 نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 932 ہوگئی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سکھر میں 124 زائرین کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے جبکہ کل کی تاریخ میں 130 کورونا کیس مریض ٹھیک ہوگئے ہیں اور کل ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد 253 ہے۔سید مراد علی شاہ نے غریب عوام کی مدد کرنے والے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ راشن کی تقسیم میں لوگوں سے فاصلہ رکھیں، راشن کی تقسیم سے اگر کورونا وائرس پھیلا تو یہ جرم سمجھا جائے گا۔

مراد علی شاہ

مزید :

صفحہ اول -