سٹاک مارکیٹ میں مندی، ڈالر کی قدر 22پیسے بڑھ گئی، سونافی تولہ 300روپے مہنگا
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں چار روزسے جاری تیزی کا سلسلہ رک گیا،نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی کے باعث کے ایس ای100انڈیکس31ہزار کی نفسیاتی حد گر ہوگئی اور انڈیکس 1042.64پوائنٹس کی کمی سے 30579.15پوائنٹس کی سطح پرآ گیا،جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 32ارب50کروڑ70لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 31915پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیابعد ازاں حصص کی فروخت بڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1042.64پوائنٹس کی کمی سے 30579.15پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر339کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ278کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابل امریکی ڈالر22پیسے اضافے سے166.98روپے ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید166.50روپے اور قیمت فروخت 166.50روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 18ڈالر بڑھنے پر1640 ڈالر ہوگئی جبکہ مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت 300روپے بڑھ گئی۔آل کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت 300روپے کے اضافے سے96600روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 258روپے کے اضافے سے82820روپے ہوگئی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 950روپے مستحکم رہی۔
سٹاک مارکیٹ