جامعہ کراچی کو سچوان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے 7000این 95ماسک موصول

جامعہ کراچی کو سچوان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے 7000این 95ماسک موصول

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی یونیورسٹی کلینک کو پیرکے روز چین کی سچوان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے جامعہ کراچی کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے لئے 7000 این 95 ماسک فراہم کئے گئے۔مذکورہ ماسک جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے چینی ڈائریکٹر شاؤپنگ سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد اور سینئر میڈیکل آفیسرجامعہ کراچی ڈاکٹر سید عابدحسن نے وصول کئے۔اس موقع پرکنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان بھی موجودتھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے چینی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ چین کوروناوائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑاہے۔دیرینہ دوست ملک چین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نہ صرف پاکستان کی بھرپور مدد اور اعانت کر رہا ہے، بلکہ چین نے اپنے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم بھی پاکستان بھیجی ہے جو پاک چین کی مضبوط دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان اور چین دو ایسے ملک ہیں جو دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام ایک دوسرے سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔دنیا بھر میں پاکستان اور چین جیسی مخلصانہ دوستی کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کو ہمیشہ بھروسہ مند اور بہترین دوست پایا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے کراچی یونیورسٹی کلینک کے ڈاکٹر ز اور عملے کی اس مشکل وقت میں ہمہ وقت موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشکلات سے بھاگنے کے بجائے اس کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔چین نے کورونا وائر س کو شکست دے کر یہ ثابت کردیا ہے کہ ہمت اور حوصلے سے بڑی سے بڑی مشکلات کا بھی مقابلہ کیاجاسکتا ہے۔ہمیں اس وبا کا من حیث القوم مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم اس وبا کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی کے چینی ڈائریکٹرشاؤپنگ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر مشکل وقت میں اور مضبوط اور گہری ہوتی جارہی ہے۔حالیہ کرونا وائرس کے مسئلے نے جب چین میں سراُٹھایا تھا تو نہ صرف پاکستانی حکومت بلکہ پاکستانی عوام نے بھی چین اور چینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا اوردعا گوتھے کہ ہم اس مسئلے پر جلد ازجلد قابوپانے میں کامیاب ہوجائیں۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی،پاکستانی ڈائریکٹر کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان اور دیگر نے اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعے چینی عوام کی ہمت بڑھائی اور اخلاقی مددفراہم کی جس کے ہم تہہ دل سے مشکور ہیں اور اب جبکہ چین نے اس مسئلے پر کافی حد تک قابوپالیا ہے تو وہ چاہتاہے کہ پاکستان کو بھی ہر ممکن سہولت فراہم کریں تاکہ وہ بھی جلد سے جلد اس صورتحال پر کنٹرول حاصل کرسکے۔سچوان نارمل یونیورسٹی کی جانب سے 7000 این 95 ماسک اسی سلسلے کے تحت جامعہ کراچی کے حوالے کئے جارہے ہیں۔رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد نے کہا کہ سچوان نارمل یونیورسٹی چین کی جانب سے موصول ہونے والے ماسک کی بدولت کروناوائرس سے لڑنے میں مددملے گی۔چین نے ہمیشہ کی طرح اس مشکل وقت میں بھی پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑا بلکہ اس کی بھر پور مدد کررہاہے۔دریں اثناء سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر عابد حسن نے الخدمت کی جانب سے ڈاکٹرز کے لئے فراہم کئے جانے والے حفاظتی سوٹ، دستانوں اور سینیٹائزر کے بارے میں بتایا اور ان کے تعاون پر شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ تاحال اس وباکی کوئی ویکسین تیار نہیں ہوئی اس کا واحد علاج احتیاطی تدابیرہے جس کی بدولت نہ صرف آپ اپنے آپ کو بلکہ اپنے خاندان اور دوست احباب کو بھی اس وباسے محفوظ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این 95 ماسک ہی کرونا کے خلاف ایک موثر ہتھیار ہے تاہم بارباراچھے طریقے سے ہاتھ دھونااور سماجی فاصلوں کو ترجیح دینا ناگزیر ہے بصورت دیگر خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے۔کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ برائے چینی زبان کے پاکستانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین خان نے سچوان نارمل یونیورسٹی اور بالخصوص چینی حکومت کا این 95 ماسک کی فراہمی پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ چین کی جانب سے تعاون کایہ سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔