کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے لگا، پاکستان میں مریضوں اور ہلاکتوں میں اضافہ ، ساری دنیا پریشانی میں مبتلا

کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے لگا، پاکستان میں مریضوں اور ہلاکتوں میں اضافہ ، ساری ...
کورونا کا پھیلاؤ بڑھنے لگا، پاکستان میں مریضوں اور ہلاکتوں میں اضافہ ، ساری دنیا پریشانی میں مبتلا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )کورونا وائرس نے پوری دنیا کے بعد اب پاکستان میں بھی اپنے وار تیز کر دیئے ہیں ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 577 کیسز سامنے آ ئے ہیں جس کے بعد تعداد4 ہزار 4 پر جا پہنچی ہے ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 62 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 76 ہزار 343اموات واقع ہوئی ہیں ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے ، حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تین ہزار 88 ٹیسٹ کی گئے جس کے بعد کل ٹیسٹوں کی تعداد 39 ہزار 183 پر جا پہنچی ہے ۔
کورونا وائرس سے اب تک 429 لوگ صحت یاب ہو چکے ہیں تاہم 28 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے ۔
پنجاب میں سب سے زیادہ 2004کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں 932 ، خیبر پختون خواہ میں 500 بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211 ، اسلام آباد میں 83اور آزاد کشمیر میں 18 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔
خیبر پختون خوامیں کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں تاہم وہاں پر وائرس کے باعث جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جبکہ پنجاب میں 15، سندھ میں 17 ، اسلام آباد میں ایک ،گلگت بلتستان میں تین ، بلوچستان میں ایک شخص انتقال کر گیاہے ۔
سندھ میں کورونا وائر س سے اب تک 253 افراد صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں ، پنجاب میں 25 ،کے پی کے میں 69 ، بلوچستان میں 63 ، آزاد کشمیر میں ایک ، گلگت بلتستان میں 15 اور اسلام آباد میں تین افراد روبصحت ہو گئے ہیں ۔

دنیا کی صورتحال


کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے ، مہلک وبا ءسے اب تک 13 لاکھ 62ہزار 162افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 76ہزار 343افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم 2 لاکھ 93ہزار 733افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔
کورونا وائر س سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد تین لاکھ 67ہزار 719تک جا پہنچی ہے اور 10 ہزار 943لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کی جنگ ہار گئے ہیں ۔
امریکہ کے بعد سپین سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 510ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار 798افراد ہلاک ہو گئے ہیں تاہم 43ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔
کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہے جہاں تعداد 16 ہزار 523 ہو گئی ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ 32 ہزار 547 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے ، 22 ہزار 837 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔

ہاؤسنگ سوسائٹی  کے 16 سکیورٹی گارڈز میں کورونا کی تشخیص

لاہور کے علاقے رائیونڈ روڈ پر واقع ایک ہاؤسنگ سوسائٹی  کے 16 سکیورٹی گارڈز میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ گارڈز کو ٹیسٹ کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سوسائٹی کو لاک ڈاؤن کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

آرمی چیف کے حکم پر ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان کی فراہمی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر کوئٹہ کے ڈاکٹرز کیلئے حفاظتی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔ پیر کے روز ڈاکٹرز کی جانب سے حفاظتی سامان نہ ہونے پر احتجاج کیا گیا تو پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور کئی ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کو گرفتار کرلیا تھا۔

قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کا حکم

سپریم کورٹ نے کورونا وائرس کی وجہ سے اسلام آباد اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانتوں پر قیدیوں کو رہا کرنے کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔ سپریم کورٹ نے  قیدیوں کو دو بارہ گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔عدالتِ عظمیٰ نے سنگین جرائم ،نیب اور منشیات کے مقدمہ میں دی گئی ضمانتیں منسوخ کردیں۔

مزید :

قومی -