آسٹریلین کوچ جسٹن لینگر کی خالی میدانوں میں میچز کرانے کی تجویز وقار یونس نے مسترد کر دی مگر کیوں؟

آسٹریلین کوچ جسٹن لینگر کی خالی میدانوں میں میچز کرانے کی تجویز وقار یونس نے ...
آسٹریلین کوچ جسٹن لینگر کی خالی میدانوں میں میچز کرانے کی تجویز وقار یونس نے مسترد کر دی مگر کیوں؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے خالی میدانوں میں میلہ سجانے سے متعلق آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے مشورہ دیا تھا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال میں کرکٹ کی دنیا کو بحران سے بچانے کیلئے خالی سٹیڈیمز میں میچز کے منصوبے پر کام شروع کر دینا چاہئے کیونکہ ایسا کرنے سے گھروں میں محصور لوگوں کیلئے بھی میچز بہت اہمیت کے حامل ہوں گے تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

وقار یونس نے اس تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ابھی کسی ایک ملک کو نہیں بلکہ پوری دنیا کو کورونا وائرس کے چیلنج کا سامنا ہے، ابھی ایسی باتیں سوچنے کا وقت بھی نہیں، چار سے پانچ مہینوں بعد حالات قابو میں آ جائیں تو کوئی حل نکل آئے گا، ہو سکتا ہے اس وقت خالی سٹیڈیمز میں میچز کرانے کا فیصلہ بھی مناسب لگے، ابھی جلدی میں کوئی قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں فی الحال کورونا کا اتنا زیادہ پھیلاؤنظر نہیں آ رہا تاہم امید ہے کہ پوری دنیا میں جلد حالات بہتر ہوں گے اور کاروبار زندگی معمول پر آ جائے گا، حتیٰ کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا کرانے کا فیصلہ بھی صورتحال دیکھ کر ہی کرنا پڑے گا، اگر اس کے انعقاد میں بھی تھوڑی تاخیر ہو جاتی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

مزید :

کھیل -