”پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی کا مسئلہ ہو گا“ کراچی کنگز کے شیڈوک والٹن نے حیران کن بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے غیر ملکی وکٹ کیپر بلے باز شیڈوک والٹن کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک مسئلہ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے اور فائنل میچ کو ملتوی کر دیا گیا جن کے انعقاد کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان ہو گا تاہم شیڈوک والٹن کا خیال ہے کہ لیگ کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی میں مسائل پیش آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ” میرے خیال سے پی ایس ایل فائیو کو مکمل کرنا مشکل ہو گا کیونکہ ہر ٹورنامنٹ ملتوی ہو رہا ہے اور ہر کوئی ان کے انعقاد کیلئے نئے شیڈول بنائے گا جس کے باعث کھلاڑیوں کی دستیابی میں بہت مسائل سامنے آئیں گے۔ ہم نے لیگ مرحلے میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے یقینا ٹرافی جیتنے کے امکانات میں بھی اضافہ کیا لیکن لوگوں کی صحت ٹرافی جیتنے سے کہیں زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔“
ان کا کہنا تھا کہ ” کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر ہم نے بھی اپنا کردار ادا کیا تاکہ اس کے مزید پھیلاﺅ کو روکا جا سکے اور اس موقع پر لیگ کو ملتوی نہ کرنے یقینا اچھا فیصلہ نہیں ہونا تھا لہٰذا انتظامیہ نے اسے ملتوی کرنا ہی مناسب سمجھا۔“