غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں  اورتجاوزات ،  اسلام آباد انتظامیہ  حرکت میں آ گئی ،سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ

 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں  اورتجاوزات ،  اسلام آباد انتظامیہ  حرکت میں آ ...
 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں  اورتجاوزات ،  اسلام آباد انتظامیہ  حرکت میں آ گئی ،سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اورتجاوزات کے خاتمہ کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اجلاس چیف کمشنر/چیئرمین سی ڈی اے کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں ڈی سی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد پولیس،ممبر پلاننگ سی ڈی اے،ممبر سٹیٹ سی ڈی اے اور ڈی ڈی جی انفورسمنٹ نے شرکت کی.

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو ہاؤسنگ سوسائٹیاں سی ڈی اے سےمنظورنہیں ہیں ان کےخلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے گی ،ان کی پریس کوریج نہیں دی جائے گی اور ان کے اخبارات میں اشتہارات اور ہولڈنگز پر تشہیر پر پابندی عائد ہو گی،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں نے خرید وفروخت کا سلسلہ جاری رکھا تو ان کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی اور سوسائٹی کے اکاؤنٹ کو فریز کر دیا جائے گا،عوام کو دھوکا دہی سے بچانے کے لیے سوسائٹیوں میں اندرونی ٹرانسفر نہیں بلکہ رجسٹری کی جائے گی۔

اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں کہ جی روڈ کے گردونواح میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں اور تجاوزات  کے حوالے سے نشاندھی کی جائے تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دریائے سواں اور دریائے کورنگ کے گردونواح میں جتنی بھی تجاوزات ہیں ان کا فوری خاتمہ کیا جائے  ۔

اجلاس میں انفورسمنٹ کے عملے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جی ٹی روڈ پر تمام تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور جی روڈ پر اسلام آباد کی حدود میں جو بھی تجاوزات ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اس کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔چیف کمشنر نے مزید ہدایات جاری کیں کہ انتظامیہ،پولیس اور سی ڈی اے کے عملے نے کسی کوتاہی کا مظاہرہ کیا تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -