نواز شریف نے قوم کو بحرانوں سے نجات کا روڈ میپ دے دیا ، شیخ قیصر محمود

نواز شریف نے قوم کو بحرانوں سے نجات کا روڈ میپ دے دیا ، شیخ قیصر محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) اوورسیز کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے قومی ایجنڈے سمیت قومی بحرانوں سے نجات کا روڈ میپ اور ٹائم فریم دے دیا۔ محض نوے روز میں پیچیدہ مسائل سے چھٹکارہ پانا خارج ازامکان ہے، جھوٹا دعویٰ کرنیوالے پاکستانیوں کے مستقبل اور پاکستانیوں کے جذبات سے نہ کھیلیں۔ یہ بات طے ہے توانائی بحران اور بدعنوانی سے نجات تک پاکستان صنعتی اور معاشی طاقت نہیں بن سکتا۔ مسلم لیگ( ن) اقتدار میں آکر اتفاق رائے سے نئے آبی ذخائر تعمیر کرے گی۔ کرپشن کا بھوت قومی معیشت کو ہڑپ کرگیا، کشکول بردار حکمران قوم کو بھکاری بنانے کے درپے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں شیخ قیصر محمود نے مزید کہا کہ بابائے قومؒ کے افکار کی روشنی میں پاکستان کی مضبوطی اور تعمیر وترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ حکمران ملک وقوم کو ڈیلیور کرنے کی بجائے عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی میں الجھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت ترمیمی بل کالعدم قرار پانے کے بعد اتحادی حکومت آئین سے ماورا کوئی اقدام نہ کرے تاہم فیصلے کیخلاف نظرثانی کی اپیل دائر کرنا ان کا آئینی حق ہے۔ ایوان صدر کو عدلیہ کیخلاف سازشوں کا محور اور مرکز بنانے والے قابل گرفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں سیاسی اور عدلیہ دشمن سرگرمیوں پر پاکستان سنجیدہ طبقات میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ اگر صدر زرداری کو اپنی آئینی حدود اور ذمہ داریوں کا احساس ہوتا تو وہ اپنے آپ کو متنازعہ معاملات سے دور رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے پونے پانچ سال میں مہنگائی، بیروزگاری اور بدعنوانی پر ایک دن بھی وزیراعظم یا کسی وفاقی وزیر کی بازپرس نہیں کی۔