یو اے ای کا کاروباری گروپ پاکستان کے فضائی شعبے میں 10کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا
اسلام آباد (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کے ایم ایم اے گروپ آف کمپنیز نے پاکستان میں فضائی سروس کے شعبے میں 100ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت یواے ای کی ریاست راس الخیمہ سے لاہور اور کراچی کیلئے ایم ایم اے ایئر لائن اپنی بین الاقوامی پروازیں شروع کرے گی جس کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پانچ طیارے فضائی سروس میں شامل کئے جائیںگے ،, لاہور کراچی اور اسلام آباد کیلئے ایم ایم اے ایئر لائن اپنی اندرونی سروس بھی شروع کرے گی جس میں اے ٹی آر 42-500 طیارے شامل ہوںگے ، بین الاقوامی اور ڈومیسٹک پروازوں میں مسافروں کو انٹرنیٹ وائی فائے کی سہولت میسر ہوگی، ڈومیسٹک پروازوں کے مسافروں کو ہوائی اڈوں سے گھر تک پک اینڈ ڈراپ سروس کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے ایئر لائن کے سی ای او ملک نورید اعوان نے پیر کویہاں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمپنی کی ڈائریکٹر برانڈ ایمبیسڈر اور پاپ سنگر عینی اور جنرل منیجر ایس ایم عتیق نے بھی خطاب کیا اور پاکستان میں فضائی سروس شروع کرنے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔ کمپنی کے سربراہ ملک نور ید اعوان نے کہاکہ بہت جلد پاک سرزمین کی فضائی حدود میں ایم ایم اے ایئر لائن کے طیارے 18 کروڑ عوام کو سروس دیتے ہوئے نظر آئیںگے اور اب ایم ایم اے ایئر لائن کی اڑان کو کوئی بھی روک نہیں سکے گا۔ انہوں نے کہاکہ فضائی سروس کے شعبے میں ہمارے آنے سے شہری ہوابازی کے شعبہ کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ وقت اس بات کا متقاضی ہے کہ میرے جیسے اوورسیز پاکستانی اور تاجر گروپ پاکستان کے اندرونی وبیرونی سرمایہ کاری کے کلچر کو عام کرنے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں تب ہی قومی ترقی اور عوامی خوشحالی کے اہداف حاصل کئے جا سکیںگے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس پانچ جدید طیارے اے ٹی آر 42-500 موجود ہیں جو پاکستان میں چلائے جائیںگے۔ جنرل منیجر ایس ایم عتیق نے کہاکہ ایم ایم اے ایئر لائن کے مسافروں کو احترام دیا جائے گا ۔