یوم شہادت علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ‘روٹ پر کیمرے نصب
لاہور(سپیشل رپورٹر)یڈیشنل آئی جی /سی سی پی اومحمد اسلم ترین نے کہا ہے کہ 21رمضان المبارک کو حضرت علی کے یوم شہادت کے موقع پرسیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔سیکورٹی چیکنگ کے لئے واک تھرو گیٹ او ر میٹل ڈی ٹیکٹرز استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔جلوس کے روٹ پر واقع دوکانوں اور مکانات وغیرہ کی تلاشی لی جائے گی،دوران جلوس ان کے دروازے، کھڑکیاں وغیرہ بند رکھے جائیں گے اور کسی کو چھت پر چڑھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مزید برآں مالکان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ اس موقع پر اپنے مکان میں کسی غیر متعلقہ شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ۔روٹ پر واقع گلیوں ، سڑکوں اور راستوں کو مکمل سیل کیا جائے گااور موٹرسائیکل و گاڑیوں وغیرہ کی پارکنگ مناسب فاصلے پر کروائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ لیسکوحکام کو ہدایت کردی گئی ہے کہ اس موقع پر لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاہم بجلی کے اچانک تعطل کی صورت میں انتظامیہ کے تعاون سے جنریٹرز اور لائٹس کے متبادل انتظامات بھی کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ جلوس میں شریک ہونے والوں کی سکریننگ اور چیکنگ کے لئے منتظمین جلوس کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا اور رضاکاروں کو بھی اس سلسلے میں بروئے کار لایا جائے۔سی سی پی اونے کہا کہ اس موقع پر متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے اور سی ٹی او لوگو ں کو متبادل ٹریفک روٹ کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے تاکہ انھیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔