مصر نے رفح کراسنگ پوائنٹ غیر معینہ مدت کےلئے بند کردی

مصر نے رفح کراسنگ پوائنٹ غیر معینہ مدت کےلئے بند کردی

 قاہرہ( اے این این ) فلسطینی محصور شہر غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی راہدار رفح کراسنگ کے قریب اتوار کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پندرہ مصری فوجیوں کی ہلاکت کے بعد قاہرہ حکام نے گذرگاہ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصر کے ایک سیکیورٹی اہلکار نے رفح بارڈر پر مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کونام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رفح بارڈر کو غیر معینہ مدت تک کے لیے دو طرفہ آمد رفت کے لیے بند کیاجا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام نے یہ فیصلہ اتوار کے روز غزہ کی پٹی اورمصر کے درمیان سرحد پر مصری فوجیوں پر قاتلانہ حملے کے بعد کیا ہے۔خیال رہے کہ اتوار کو رفح بارڈر کے قریب نامعلوم نقاب پوش مسلح عناصر نے ایک کارروائی کرکے افطاری میں مصروف مصری پندرہ مصری فوجیوں کو قتل کردیا تھا۔واقعے کے بعد صدر محمد مرسی نے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا، جس میں سرحد پر پیش آنے والے اس واقعے کے بعد کی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے پر غور کیا گیا۔

مزید : عالمی منظر