امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم ریاست ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے: لیاقت بلوچ
ؒٓؒٓٓلاہور(نمائندہ خصوصی(جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی دو رنگی کا شکار ہے ۔ ایک طرف عدالت پرحملے اور عدلیہ کی بدترین توہین کی جارہی ہے ، دوسری جانب عدالت میں ہی اپیل کرنے کا فیصلہ بھی کیا جارہاہے ۔ صدر آصف زرداری نے قانون کی ساری تعلیم جیل سے حاصل کی ہے اس لیے وہ عدلیہ ، ججوں کو دبانے دھمکانے اور التجا کی پالیسی پر گامزن ہیں ۔ عدلیہ کی پشت پر اٹھارہ کروڑ عوام ہیں ۔ عدالت کے ساتھ تصادم کی حکمت عملی صدر آصف زرداری اور پیپلز کے لیے تباہ کن ثابت ہو گی۔ جب یوسف رضا گیلانی کے بحرانی مراحل میں ایوان صدر نے عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تسلیم کر لیا تو اب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے لیے سوئس حکام کو خط لکھنے کے سوا کوئی آپشن نہیں ۔ عدالتی فیصلہ کے بعد پی پی پی قائدین کے ہوش اڑ گئے ہیں ۔ مسلسل چوری پکڑے جانے پر قائدین بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین پارک لاہور میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم اور ناکام ریاست ثابت کرنے کے لےے ہر حربہ استعمال کر رہاہے جبکہ پاکستانی حکمران خوف ، لالچ اور بزدلی کی وجہ سے امریکہ کے مقابلہ میں درست سمت میں اقدامات کی بجائے امریکی ڈکٹیشن قبو ل کر رہے ہیں ۔ نیٹو سپلائی بحالی کے ساتھ ڈرون حملے اور شمالی وزیرستان میں اپریشن کے لیے دباﺅ امریکہ کا نیا پینترا ہے ۔