بھوک ہڑتال کا وقت ختم، سیاسی متبادل پیش کرنے کی ضرورت ہے، انا ہزارے
نئی دہلی(اے پی اے )بھارت میں بدعنوانی کے خلاف تحریک چلانے والے سماجی کارکن انّا ہزارے نے اپنی ٹیم تحلیل کرتے ہوئے ایک نیا سیاسی متبادل پیش کرنے کے عزم کو دہرایا ہے۔اپنے نئے بلاگ میں انہوں نے لکھا ہے کہ بھوک ہڑتال کا وقت ختم ہوا اور لوگوں کے لیے’ایک سیاسی متبادل‘ پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے لکھا ہے کہ ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد پر مبنی ٹیم جن لوک پال کے لیے کام کر رہی تھی۔ جسے اب تحلیل کر دیا گیا ہے اور اب وہ ٹیم نہیں رہی۔انا ہزارے اور ان کی ٹیم میں شامل اہم ارکان نے جمعہ کے روز ہی اپنی بھوک ہڑتال ختم کی تھی۔ بھوک ہڑتال جن لوک پال بل کی منظوری کے لیے کی گئی تھی لیکن جب ٹیم کو لگا کہ اس پر توجہ نہیں دی جارہی تو اس نے بھوک ہڑتال ختم کردی تھی۔اس کے اختتام پر ہی انّا کی ٹیم نے اس بات کے اشارے دیے تھے کہ چونکہ حکومت ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دے رہی اس لیے اب وہ ایک سیاسی جماعت کے قیام پر غور کریں گے۔لیکن انّا ہزارے نے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے اور ان کے دیگر کارکن پارٹی تشکیل دیں گے۔گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ قیاس آرائی جاری تھی کہ انا ہزارے اور ان کے ساتھی سیاسی جماعت بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ اس مرتبہ ان کی تحریک کو اس پیمانے پر حمایت حاصل نہیں ہوئی تھی جو گزشتہ برس دیکھنے کو ملی تھی۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ انا ہزارے کا سیاسی متبادل کیا شکل اختیار کرے گا۔