عید الفطر کی آمد آمد ‘درزیوں نے ریٹ دگنا کر دئیے سوٹ کی سلائی 2ہزار ہوگئی
(دیبا مرزا،تصاویر، عمر شریف) رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہوتے ہی اور عید کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں گہما گہمی اور رش دکھائی دینے لگا ہے، خواتین کی بڑی تعداد مہنگائی کا رونا رونے کے باوجود بچوں کی ضد کے آگے اُن کو شاپنگ کروانے پر مجبور۔ عید شاپنگ میں کپڑے، جوتے، جیولری، بچوں کا سامان تو شامل ہے ہی جن کی قیمتیں ابھی سے ہی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے لئے ایک اور بڑی پریشانی کپڑوں کی خریداری تو ہے ہی لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس کی سلائی بھی بڑا اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ ٹیلرز ماسٹر نے سوٹ کی سلائی ایک ہزار سے بڑھا کر دو ہزار کر دی ہے جسے ادا کرنا متوسط طبقے کی خواتین کے لئے انتہائی مشکل ہے۔ عید کی آمد کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت کے بڑے بازاروں میں لیڈز ٹیلرز نے اپنے دام دوگنا کر دیئے ہیں۔ اِس حوالے سے روزنامہ ”پاکستان“ کی طرف سے کئے گئے ”سروے“ میں ٹیلر ماسٹر استاد امین، ٹیلر ماسٹر شاکر، ٹیلر ماسٹر سبحان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لہٰذا ہم لوگ بھی مجبور ہیں۔ کپڑوں کی سلائی کرنے پر جتنا خرچ آ جاتا ہے اتنا تو ہم کاہگ سے سلائی نہیں لیتے۔ انہوں نے کہا کہ ویسے بھی عید ہے اور ہمارے پاس ابھی سے کام اتنا زیادہ آ گیا ہے کہ مزید بکنگ نہیں کر سکتے جبکہ خواتین اقرائ، انم، ثنائ، سارہ نے کہا کہ ایک تو کپڑوں کا معیار بھی ایسا ہی ہے اور کپڑوں کی قیمتیں بھی کئی گناہ ہو گئی ہیں اور سونے پر سہاگہ جب ٹیلر ماسٹر کے پاس کپڑے سلوانے کے لئے جاتے ہیں تو ٹیلر ماسٹر بھی منہ مانگے دام وصول کرتے ہیں۔