پاکستان کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، خالد پرویز

پاکستان کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، خالد پرویز

لاہور(وقائع نگار) صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ حکومتی نا اہلی اور بد انتظامی سے پاکستان کو ایک ایسے معاشی بحران کا سامنا ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ بجلی بحران سے تاجروں کو گویا کند چھری سے ذبح کیا جا رہا ہے۔ حکومت کے پاس بے نظیر انکم سپورٹ فنڈز کی بھینٹ چڑھانے کے لئے 70ارب روپے تو ہیں مگرتھر پار کرپراجیکٹ کے لئے صرف ایک ارب روپیہ بھی نہیں ہے۔ جس سے مستقبل میں دس ہزار میگاواٹ سالانہ بجلی حاصل ہونے کی امید ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات میں لوگوں کو سہولت پہنچانا شامل نہیں جس کا نتیجہ بھی وہ جلد ہی بھگت لیں گے۔ خالد پرویز نے کہا تاجر مطالبہ کرتے ہیں کہ وی آئی پیز فیڈرز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ لوڈشیڈنگ سب کے لئے یکساں ہونی چاہئے۔ حکومتی ادارے اپنے بل ادا کریں تاکہ آئی پی پیز کو ادائیگی کر کے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہو سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1