تحریک انصاف نے متحدہ کی کانفرنس میں شرکت سے انکارکردیا

تحریک انصاف نے متحدہ کی کانفرنس میں شرکت سے انکارکردیا
تحریک انصاف نے متحدہ کی کانفرنس میں شرکت سے انکارکردیا

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکا رکر دیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کا وفد تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو اے پی سی میں شرکت کے حوالے سے قائل نہ کر سکا ۔

ایم کیو ایم کے وفد نے آج تحریک انصاف کے دفتر میں پی ٹی آئی کے رہنماﺅں سے ملاقات کی جس میں جاوید ہاشمی اور شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی کی جبکہ ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار ، رضا ہارون اور واسع جلیل و دیگر رہنماءشریک تھے ۔ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کا کہنا کہ حکومتی اتحاد میںشامل کسی جماعت سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے جب تک کہ وہ اسمبلیوں سے باہر نہ آجائیں ۔ تحریک انصاف کے مطابق متحدہ کے وفد سے ملاقات خیر سگالی کے جذبے کے تحت کی گئی جبکہ پارلیمانی قراردادوں پر عمل نہ کرنے والی کسی جماعت سے کوئی رابطہ قائم نہیں کیاجائے گا۔

ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنماءجاوید ہاشمی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنماءڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں خطرے کی بادل منڈلا رہے ہیں اور ان حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے۔ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کو داخلی اور خارجی دونوں چیلنجز درپیش ہیں جبکہ ایم کیو ایم ہر اس سیاسی جماعت کے پاس جا رہی ہے جس کے پاس عوامی مینڈیٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ناکام صورتحال کسی ایک جماعت کی پیدا کردہ نہیں ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماءجاوید ہاشمی نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف تنہا انتخابات لڑے گی۔ ان کاکہناتھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو نیشنل ایجنڈے کے تحت کام کر ناچاہیے۔ 

مزید : لاہور /اہم خبریں