غزہ کی روح فرسا صورتحال پر اسلامی ممالک کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے، آغاحسن الموسوی

غزہ کی روح فرسا صورتحال پر اسلامی ممالک کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے، آغاحسن ...

  

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماءآغا سید حسن الموسوی الصفوی نے غزہ کے مظلوم و بے بس عوام پر جاری اسرائیلی جارحیت وبربریت اور بے تحاشا خونریزی پر عالمی برادری کے غیرذمہ دارانہ رویہ اور اسلامی ممالک کی خاموشی کو انتہائی شرمناک اور انسانیت سوز قرار دیاہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالم اسلام کے موجودہ حالات کو ملت اسلامیہ کے فنا و بقاءکے حوالے سے ایک فیصلہ کن مرحلے سے تعبیر کیا ہے۔

انہوںنے کہا کہ اگر آج دنیائے اسلام غزہ میں اپنے مظلوم بھائیوں کے خون ریزی روکنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کرسکی تو کل اسرائیل کسی اورمسلمان ملک پر جارحیت کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے نہتے عوام پر اسرائیل ایک ماہ سے مسلسل تباہ کن بمباری کررہا ہے جس کے نتیجے میںبڑی تعداد میں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اسرائیل تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانیت کے اصولوں کوپاﺅں تلے روند کر ظلم و بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کررہا ہے جبکہ دنیا کا کوئی بھی ذمہ دار ملک مظلوم فلسطینیوں کی ہمدردی کیلئے کوئی موثر اقدام نہیں کررہا۔حریت رہنماءنے کہاکہ اسلامی ممالک کی اس حوالے سے دانستہ بے بسی ایک ملی المیہ ہے۔آغا سید حسن نے کہا کہ مغرب کی اسلام دشمن قوتوںنے دنیائے اسلام کے امن و اتحاد کو درہم برہم کرنے کی ایک گھناونی منصوبہ بندی کے تحت غزہ سے لیکر عراق و شام تک خون و خرابے کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -