عید پر ملنے والے ایس ایم ایس اور کراچی ساحل سمندر پرپیش آنے والا افسوسناک واقعہ

عید پر ملنے والے ایس ایم ایس اور کراچی ساحل سمندر پرپیش آنے والا افسوسناک ...
 عید پر ملنے والے ایس ایم ایس اور کراچی ساحل سمندر پرپیش آنے والا افسوسناک واقعہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہیلو میرے پیارے پیارے دوستو! سنائیں کیسے ہیں ،امید ہے اچھے ہی ہوں گے ، دوستو بتلاتے چلیں کہ ہم بھی اچھے ہی ہیں۔ دوستو! سب سے پہلے تو اپنے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے عید کی خوشیوں میں ہمیں یا د رکھا ، جی ہاں ہمیں عیدمبارک کے اتنے پیغامات موبائل پر اور فیس بک پر موصول ہوئے ، اس سے یہ اندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں ، کہ آپ بھی اپنے پیارے دوست سے کتنی چاہت رکھتے ہیں، اور اسی چاہت اور پیار کے لئے ہم آپ کے بہت شکر گزار ہیں۔
دوستو! ماہ رمضان خیر و عافیت سے رخصت ہو چکا ہے ، رحمتوں برکتوں والا مہینہ اپنی تمام تر رعنائیوں اور خوبیوں کے ساتھ ہم سے ایک دفعہ پھر الوداع ہو گیا ، اب تو ہم تمام مسلمان عید الفطر کا خوشیوں بھرا تہوار بھی منا چکے ہیں ، سب سے خوشی کی بات تو یہ رہی کہ عید بھی خیر و عافیت سے گزر گئی۔ راوی بھی عید کے موقع پر چین ہی چین لکھتا نظر آیا ۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ کی عید بھی اچھی ہی گذری ہو گی ، خوب مزے اڑائے ہوں گے ،سیر وتفریح بھی کی ہو گی ۔۔۔ تاہم حقیقت تو یہ ہے کہ اصل عید تو خواتین اور بچوں کی ہوتی ہے ، یقیناًہمارے ننھے منے دوستوں نے بھی خوب مزے سے عید منائی ہو گی ،نئے نئے رنگ برنگے کپڑے بھی پہنے ہوں گے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ بڑوں سے عیدی بھی خوب لی ہو گی ۔۔۔ جی ہاں عید کا مزہ تو عیدی سے ہی ہے ، جو چھوٹے بچے بڑوں سے حاصل کرتے ہیں اور پھر بازاروں کا رخ کرتے ہیں ، جہاں جی بھر کر آئسکریم کھلونے ، ٹافیاں ، چپس اور بسکٹ بھی خرید کر کھاتے ہیں، نہ صرف یہ بلکہ آپ نے تو سویاں بھی خوب کھائی ہوں گی۔
جی ہاں میٹھی عید ہو اور سویاں نہ ہوں تو عید کا مزہ دوبا لا نہیں ہو تا ، نہ صرف یہ بلکہ رنگ برنگے پکوان بھی عید کا شاخسانہ ہیں اور آپ نے یقیناًرنگے برنگے کھانوں سے بھی لطف اٹھایا ہو گا ، دوستوں کو عید بھی ملے ہو ں گے اوردوستوں کو گلے سے بھی لگایا ہو گا ،بہر حال دوستو خوشی تو اس بات پر ہوئی کہ اس عید کے موقع پر عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات حاصل رہی، بلکہ عوام کو سی این جی سٹیشنوں پر گیس بھی وافر مقدار میں دستیاب رہی ۔
جی ہاں عوام کے لئے تو یہ خوشی کی بات ہے لیکن اس سے بھی بڑی خوشی کی خبر یہ رہی کہ ، ملک بھر میں کئی سالوں بعد ملک بھر میں امن رہا ،چین رہا ، سکون کا غلبہ ہر طرف چھایا رہا اور ملک بھر میں دہشت گردی کا کوئی بھی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ۔۔۔لیکن کراچی کی فضااس وقت سوگوار ہوگئی جب کراچی ساحل سمندرپر سیر کے لئے آنے والے بہت سے افراد کے ڈوبنے کی خبر موصول ہوئی ۔ اس خبر نے کراچی شہر کے رہائشیوں کو بے چین کر دیا تھا ، اسی لئے شہریوں نے ساحل سمندر کی طرف بھاگنا شروع کر دیا ، لیکن انتظامیہ کی طرف سے ساحل سمندر پر داخلے کی پابندی لگا دی گئی تھی ، اس پابندی پر بہت سے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ساحل سمندر پر جانے کی پابندی اگر پہلے لگا دی جاتی تو یہ حادثہ نہ ہوتا۔ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح بذریعہ ٹی وی پورے ملک میں پھیل چکی تھی۔
اس افسوسناک واقعہ پر وزیرا عظم پاکستان میاں نواز شریف اور سیاسی ،سماجی و شہری حلقوں نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ بہت سے لوگ تو کراچی کے ساحل سمندر پر پیش آنے والے واقعہ کو کراچی انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ بھی قرار دے رہے ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ ساحل سمندر پر لائف گارڈزکا نہ ہونا حادثات کا سبب بنتا ہے۔ بہت سے شہریوں کا کہنا تھا کہ ساحل سمندر کے کنارے سرکاری طور سے لائف گارڈ زبھی مقرر کئے جانے چاہئیں تاکہ حادثات سے بچاؤ ممکن ہو سکے ۔بہر حال کراچی کے اس افسوس ناک واقعہ نے بھی سب کو اشکبار کر دیا۔

مزید :

کالم -