مصبا ح الحق زائد عمر کے حامل پاکستان کے پہلے کپتان بن گئے
گال (اے پی پی) مصباح الحق کرکٹ کی تاریخ میں 40 یا زائد عمر میں ٹیم کی قیادت کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 21 ویں کپتان بن گئے۔ مصباح الحق نے بدھ کو سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ مصباح الحق کو 2010ءمیں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور وہ سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں بطور کپتان کیریئر کا 28 واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔ مصباح الحق رواں سال 28 مئی کو 40 برس کے ہوئے تھے اور 40 ویں سالگرہ کے بعد بدھ سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والا گال ٹیسٹ ان کا پہلا ٹیسٹ میچ ہے، اس کے ساتھ ہی مصباح الحق نے ملک کی طرف سے ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ وہ چالیس یا زائد عمر میں ٹیم کی قیادت کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے 21 ویں کپتان بن گئے ہیں۔