سٹاف کی بھرتی کےلئے امیدواروں کے انٹرویو 12اگست سے شروع ہونگے، ترجمان محکمہ صحت
لاہور(جنرل رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیرآبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی مشینری اور طبی آلات بیرون ملک سے آنا شروع ہوگئے ہیں جبکہ سٹاف کی بھرتی کے لیے امیدواروں کے انٹرویو 12اگست سے شروع ہورہے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ وزیرآباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر ایک ارب روپے سے زائد فنڈز خرچ ہوچکے ہیں جبکہ مزید 134ملین روپے اس منصوبے کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو آی سی (WIC) کا آﺅٹ ڈور( شعبہ بیرونی مریضاں) رواں سال یکم اکتوبر سے جبکہ انڈور یکم جنوری سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس سلسلہ میں منگل کے دن سیکرٹری صحت ڈاکٹر اعجاز منیر کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں تمام انتظامات کا تفصیل جائزہ لیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ وزیر آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور میو ہسپتال کے سرجیل ٹاور کی تعمیر حکومت کی ترجیحات کی فہرست میں شامل ہے اور سرجیکل ٹاور کا انفراسٹرکچر تقریباً مکمل ہوچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال میو ہسپتال کے سرجیکل ٹاور کے لیے300ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے اور سیکرٹری صحت نے متعلق حکام کو سرجیکل ٹاور کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے میوہسپتال کے سرجیکل وارڈز کو اس میں منتقل کیا جاسکے