(ن) لیگ کی زیر قیادت اگست کے پورے ماہ آزادی تقریبات جاری رہیں گی،خواجہ سلمان

(ن) لیگ کی زیر قیادت اگست کے پورے ماہ آزادی تقریبات جاری رہیں گی،خواجہ سلمان

  

لاہور(جنرل رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ نوجوان نسل میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی زیر قیادت اگست کے پورے ماہ آزادی کی مختلف تقریبات جاری رہیں گی جس میں خواتین، لیبرونگ، ٹریڈرز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے کا رکن، منتخب عوامی نمائندے بھرپور شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوں جوں 14اگست کا دن نزدیک آرہاہے۔ عوام کے اندر جوش وجذبہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں جشن آزادی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے مقامی عہدیداروں کے علاوہ خواتین اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرائے گئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکل سوار افراد میں قومی پرچم اور بیجز تقسیم کئے۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ کیمپ کے پاس سے گزرنے والے پیدل افراد اور سواریوں میںجھنڈے اور قومی پرچم کے بیجز تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ عوام کے اندر قومی جذبے کو اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ کے پرچم تقسیم نہیں کررہے بلکہ قومی پرچم تقسیم کئے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ دہشت گردوں کے خلاف فائنل معرکہ میں مصروف ہے بعض عناصر قوم کے اندر انتشار پیدا کرنے کے لیے طرح طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تاریخ کے اس نازک موڑ پر قوم کے اندر زیادہ سے زیادہ یکجہتی پیدا کی جائے تاکہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے ڈٹ جائے ۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مخالفت کرنے والے دراصل ملک کی ترقی و خوشحالی اور سالمیت کی مخالفت کررہے ہیں لیکن دنیا دیکھ لے گی کہ لانگ مارچ اور دھرنوں سے ترقی اور خوشحالی کے سفر کو نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں کہا کہ قوم ہوس اقتدار کے لیے جمہوریت کو ڈی ایل کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی اور لوگ سبز باغ دکھانے والوں کے جھانسے میں ہر گز نہیں آئے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -