تحریک انصاف ہر صورت آزادی مارچ کرے گی ،اگر حکومت روکنا چاہتی ہے تو مستعفی ہو جائے،جمشید چیمہ

تحریک انصاف ہر صورت آزادی مارچ کرے گی ،اگر حکومت روکنا چاہتی ہے تو مستعفی ہو ...
تحریک انصاف ہر صورت آزادی مارچ کرے گی ،اگر حکومت روکنا چاہتی ہے تو مستعفی ہو جائے،جمشید چیمہ
کیپشن: 1

  

                               لاہور (شہزاد چودھری سے) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور لاہور کے نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے گزشتہ روز روزنامہ”پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ14اگست کو کیا جانے والا آزادی مارچ دراصل ملک میں حقیقی جمہوریت کے لئے مارچ ہو گا یہ ترقی و خوشحالی کا مارچ ثابت ہو گا اس میں کسی کا کوئی ذاتی ایجنڈا یا مفاد شامل نہیں ہے اور نہ ہی یہ جمہوریت کے خلاف مارچ یا اقدام ہے، بلکہ یہ تو شریف برادران کی بادشاہت اور شخصی آمریت کے خلاف اور دھاندلی کے خلاف مارچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت سے مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے۔ تحریک انصاف ہر صورت آزادی مارچ کرے گی، اگر حکومت اس کو روکنا چاہتی ہے تو فوری طور پر مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف اور دیگر کی باہمی مشاورت سے عبوری حکومت قائم کرے۔ الیکشن ریفارمز ہوں اور ایک مکمل غیر جانبدار اور خود مختار الیکشن کمیشن بنایا جائے جو متعین وقت میں صاف و شفاف انتخابات کروائے اور جیتنے والی جماعت کو اقتدار منتقل کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے آئین کے آرٹیکل245 کے تحت اسلام آباد میں فوج بلا کر غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے جس کے نتائج خود حکمرانوں کو بھگتنا پڑیں گے، فوج کسی صورت میں براہ راست عوام سے تصادم نہیں چاہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں100فیصد متفق ہے اور کہیں بھی کسی بھی سطح پر آزادی مارچ کے حوالے سے جماعت میں ابہام نہیں ہے، اختلافات کی خبریں محض مخالفین کا شوشہ ہیں۔ تمام ممبران قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے استعفے عمران خان کے پاس موجود ہیں اور وہ جب چاہیں استعفوں کی آپشن استعمال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ14اگست کا مارچ ایک تاریخ ساز مارچ ہو گا اور اس میں سب سے زیادہ نوجوان شامل ہوں گے۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی سختی سے رد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کو مخفی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک مکمل اور منظم جمہوری جماعت ہے جو جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور کسی صورت بھی ملک میں مارشل لاءیا کوئی اور صورت برداشت نہیں کرے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -