مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری کا واحد حل قومی حکومت ہے، ذوالفقار علی ندیم

مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری کا واحد حل قومی حکومت ہے، ذوالفقار علی ندیم

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب نے قرار دیا ہے کہ توانائی بحران، لاقانونیت، مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری کا واحد حل قومی حکومت ہے۔ موجودہ حکمران ان مسائل کو ختم کرنے کے دعوے اور نعرے تو لگا سکتے ہیں مگر اس کا خاتمہ ان کے اختیار سے باہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز صوبائی آفس میں 10 اگست کو اسلام آباد میں پارٹی ورکر کنونشن کے حوالے سے منعقدہ ہنگامی اجلاس میں عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرگنائزر چوہدری ذوالفقار علی ندیم‘ فنانس سیکرٹری قاری افتخار الدین‘ نائب صدر منیر احمد سدھو‘ شعبہ خواتین کی صدر ناہید عدیل‘ جنرل سیکرٹری صائمہ نور‘ سینئر نائب صدر شاہدہ نصیر اور نائب صدر صوفیہ مرسلین نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔

 اس موقع پر لاہور تنظیم کے جنرل سیکرٹری جہانزیب خان‘ سینئر نائب صدر علی عباس مرزا‘ اقلیتی ونگ لاہور کے صدر یونس بھٹی اور شعبہ خواتین کی صدر روزلین سراج سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔ چوہدری ذوالفقار علی ندیم نے کہا کہ موجودہ حکمران قومی مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور نہ ہی توانائی کا بحران ختم کرسکتے ہیں۔

 کیونکہ شریف برادران اپنی وفاقی و صوبائی کابینہ سمیت عوامی مسائل سے چشم پوشی کرکے عمران خان اور طاہرالقادری کو آنکھیں دکھا دکھا کر جذبات سے بھرپور اپنا غصہ نکال رہے ہیں۔ اس موقع پر ناہید عدیل نے کہا کہ شریف برادران کیلئے یہ المیہ ہے کہ یہ جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو عقل و ہوش سے عاری فیصلے کرکے ہر دور میں اپنے لئے مسائل کے پہاڑ کھڑے کرکے عزت افزائی کے ساتھ رخصت ہو جاتے ہیں اور اب بھی ان کی رخصتی کا بگل بج چکا ہے صرف مہر لگنا باقی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -