حکومت بجلی کے ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی، عابد شیر

حکومت بجلی کے ترسیلی نظام کی اپ گریڈیشن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی، ...

  

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے اور اس کے ترسیلی نظام میں بہتری اور اپ گریڈیشن کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ وہ ڈیرہ غازی خان میں این ٹی ڈی سی کے نئے تعمیر شدہ 500 کے وی گرڈ سٹیشن اور 30 کلومیٹر لمبی ٹرانسمیشن لائن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے این ٹی ڈی سی نے بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام کو اپ گریڈ اور اس میں بہتری کےلئے کام کی رفتار کو تیز کر دیا ہے۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ 4500 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ گرڈ سٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہونگے۔ اس منصوبے سے پہلے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے نیٹ ورک کی طویل ٹرانسمیشن لائن تھیں جو دونوں صوبوں میں کم وولٹیج اور جبری لوڈشیڈنگ کا باعث بنتی تھیں۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ناصرف میپکو اور کیسکو نیٹ ورک کے ٹرانسمیشن سسٹم میں استحکام اور بہتری آئے گی جو پنجاب اور بلوچستان کے درمیان بجلی کی بلاتعطل ترسیل اور بہتری کےلئے ایک پُل کی حیثیت سے کام کرے گی۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے این ٹی ڈی سی انجینئرز اور سٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ 500 کے وی ڈی جی خان گرڈ سٹیشن کے علاوہ این ٹی ڈی سی نے 220 کے وی گرڈ سٹیشن خضدار اور 220 کے وی گرڈ سٹیشن غازی لاہور کو جون 2014ءاور 220 کے و ی اوکاڑہ گرڈ سٹیشن کو اسی سال جولائی میں نیٹ ورک سے منسلک کیاجبکہ موسم گرما کی شدت اور ٹرپنگ کے مسائل سے نبٹنے کےلئے 220 کے و ی بند روڈ گرڈ سٹیشن لاہور پر 250 ایم وی اے صلاحیت کا ٹرانسفارمر اور مردان میں 160ایم وی اے صلاحیت کا ٹرانسفارمر نصب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عابد شیر علی

مزید :

صفحہ آخر -