عمران، قادری 14اگست کو یوم مذمت منا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں،راجہ اشفاق سرور

عمران، قادری 14اگست کو یوم مذمت منا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں،راجہ اشفاق ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر محنت ، صدر تقریبات آزادی و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہرالقادری 14 اگست کویوم آزادی کی خوشیوں کی بجائے یوم مذمت مناکر دنیا کوکیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔کیا انہیںافسوس ہے کہ پاکستان کیوں معرض وجود میں آیا۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے سرکٹ ہاوس ڈیرہ غازیخان میںپرچم کشائی کے بعد اراکین و قومی وصوبائی اسمبلی ، مسلم لیگ (ن) کے ضلعی و تحصیل صدور، جنرل سیکرٹریز اور ڈویژن بھر کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ اشفاق سرورنے کہاکہ عمران خان خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت کی ناکامی پر شارٹ کٹ او رغیر آئینی طریقے سے وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنے کے خواب دیکھ رہے ہیں جبکہ طاہرالقادری غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ عمران خان کو یہ خدشہ ہے کہ اگریہ دونوں بحران حل ہو گئے تو اگلے پانچ سال بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے ہوں گے اس لیے وہ غیر آئینی طریقے اور ملک میں بدنظمی اور انتشار پیدا کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملک کے اندرونی حالات او ر بیرونی خطرات ، دہشت گردی کی صورت حال لانگ مارچ اور احتجاجی دھرنوں کی سیاست کی اجازت نہیں دیتے،ملک کسی بھی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ طاہر القادری اورعمران خان ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو کامیاب کرکے ملکی سلامتی اور امن کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن سہیل شہزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازیخان میں آزادی تقریبات کا آغاز کر دیاگیا ہے جس میں تمام محکمے ، اراکین اسمبلی اورمسلم لیگی ورکرز کو شامل کیاگیاہے او ریہ تقریبات یکم ستمبر تک جاری رہیں گی۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن کلچرو یوتھ افیئرز رانا محمد ارشد ، اراکین اسمبلی حافظ عبدالکریم ، مسز شہناز سلیم ، سید عبدالعلیم شاہ ، جاوید اختر ، شمعونہ قیصرانی ، عاطف حسین مزاری ، حماد نواز ٹیپو ، نجمہ ارشد ، قسور لنگڑیال ، ضلعی صدر مسلم لیگ میر مرزا تالپو ر ، ملک احمد علی اولکھ ، میاں غلام حسین شاہد ، ندیم کامران ، رانا ارشد ، چاروں اضلاع کے ڈی سی اوزدیگر متعلقہ محکموں کے افسران ،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز او رورکرز موجود تھے ۔ دریں اثنا راجہ اشفاق سرور نے سرکٹ ہاوس میں پرچم کشائی کے بعدملک کی سلامتی کیلئے دعا بھی کرائی ۔

مزید :

صفحہ آخر -