تحریک انصاف کے رہنما حامد خان امریکہ چلے گئے ،شیریں مزاری کی تردید

تحریک انصاف کے رہنما حامد خان امریکہ چلے گئے ،شیریں مزاری کی تردید ...

  

    لاہور(نامہ نگار خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر حامد خان اعلی ٰ پارٹی قیادت سے مبینہ اختلافات کے باعث لانگ مارچ کی تیاریاں ادھوری چھوڑ کر امریکہ چلے گئے جبکہ تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے ایسے اختلافات کی تردید کی ہے ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے سابق چیف جسٹس کو سخت ہدف تنقید بنائے جانے پر عدلیہ بحالی تحریک کے مرکزی راہنماءحامد خان نے اپنی اعلی پارٹی قیادت کواپنے تحفظات سے آگاہ کردیا تھا ۔انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ افتخار محمد چودھری کے حوالے سے اپنے موقف میں نرمی لائیں تاہم عمران خان اپنے موقف سے پیچھے نہ ہٹے ۔ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ حامد خان نے عمران خان کو سابق چیف جسٹس کی طرف سے بھیجے گئے ہرجانے کے لیگل نوٹس کا جواب تیار کرنے سے بھی معذوری کا اظہار کیا ہے جس کے باعث یہ ذمہ داری اب تحریک انصاف کے مرکزی راہنماءجسٹس (ر)وجیہہ الدین احمد کو سونپی گئی ہے ۔دوسری طرف شیریں مزاری نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے ان اطلاعات کو افواہ قرار دیا اور کہا کہ حامد خان اپنی اہلیہ کے علاج کے لئے امریکہ گئے تھے اور وہ اب واپس آگئے ہیں ۔شیریں مزاری مزید بتایا کہ سابق چیف جسٹس کے لیگل نوٹس کا جواب حامد خان اور وجیہہ الدین احمد مل کر تیار کررہے ہیںجبکہ حامد خان کے پرائیویٹ سیکرٹری نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حامد خان 2اگست کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ امریکہ روانہ ہوئے وہ ابھی تک واپس نہیں آئے اور شیڈول کے مطابق 20اگست کے بعد واپس آئیں گے ۔

مزید :

صفحہ اول -