حکومت کی کارکردگی شاندار ،وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،اسحٰق ڈار
اسلام آباد(اے اےن این) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی کارکردگی شاندار ہے،وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا،تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ اور جمہوریت کو ڈی ریل نہ ہونے پر متفق ہیں،بات چیت کے لئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنے معاشی اہداف کو حاصل کررہا ہے،فی کس آمدنی میں ساڑھے 3 فیصد اضافہ ہوا ہے، مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال 16 فی صد غیرملکی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی۔ ملکی آمدنی 16 فی صد جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر14 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئے ہیں۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14کروڑ 30 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں جن میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر 9کروڑ 30 لاکھ ڈالر جبکہ شیڈولڈ بینکوں کے پاس 5 ارب ڈالر کے ذخائر ہیں۔ حکومت نے رواں سال کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کررکھا ہے جو جلد ہی حاصل کرلیا جائے گا۔انھوں نے کہاکہ حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں گامزن ہیں جن کا عوام کو فائدہ ہو گا۔سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمیں من حیث القوم ملک کی ترقی کے لئے بہت کام کرنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اگرکوئی آئین اور قانون میں رہ کربات کرنا چاہتا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں اور بات چیت کے لئے پارلیمنٹ بہترین فورم ہے، موجودہ صورت حال پرحکومت نے سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کئے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیاجائے گا۔